ٹیلی فون کے علاوہ ’اسعفنی‘ ایپ کے ذریعے بھی رابطہ کیا جاتا ہے (فوٹو:سبق)
عسیر ریجن میں ہلال الاحمر کو یکم سے 15 رمضان المبارک تک دو ہزار سے زائد امدادی کالز موصول ہوئی ہیں۔ امداد کے حصول کے لیے ہلال الاحمر کے ٹول فری نمبر 997 اور ایپ ’اسعفنی‘ کے ذریعے رابطہ کیا گیا۔
ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق ہلال الاحمر کے ریجنل ترجمان احمد الالمعی کا کہنا ہے کہ کنٹرول روم کو گزشتہ 15 روز کے اندر 2 ہزار 207 سے زائد امدادی کالز موصول ہوئیں۔
موصول ہونے والی کالز میں بیشتر ٹریفک حادثات کی تھیں جن میں زخمیوں کو ہلال الاحمر کے امدادی یونٹ نے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتالوں میں منتقل کیا جبکہ ایسے کیسز بھی تھے جنہیں جائے حادثہ پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کر کے رخصت کر دیا گیا۔
امدادی کالز میں بیمارافراد کے بارے میں بھی رہنمائی طلب کی گئی تھی جبکہ بیماروں کو ہسپتال منتقل کرنے کے حوالے سے بھی ہلال الاحمر کے یونٹ کا کردار اہم رہا۔
واضح رہے سعودی عرب میں ہلال الاحمر کا مشترکہ نیٹ ورک قائم ہے جس کے لیے ٹول فری نمبر 997 مخصوص کیا گیا ہے جبکہ امداد حاصل کرنے کے لیے ایپ ’اسعفنی‘ بھی پلے سٹور پر موجود ہے جسے انسٹال کر کے کسی بھی وقت ہلال الاحمر کی طبی نوعیت کی امداد حاصل کی جاسکتی ہے۔