جدہ اور طائف میں قرنطینہ کی خلاف ورزی پر 28 افراد گرفتار
انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا جائے گا۔ (فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں مکہ مکرمہ ریجن پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ جدہ اور طائف میں قرنطینہ ہدایات کی خلاف ورزی پر 28 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق پولیس ترجمان نے بتایا کہ جن 28 افراد کو گرفتار کیاگیا یہ کورونا وبا میں مبتلا پائے گئے تھے۔ انہیں آئسولیشن کی تاکید کی گئی تھی۔ خلاف ورزی پر ان کے خلاف کارروائی کی گئی۔ جلد انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا جائے گا۔
سعودی قانون کے بموجب جو شخص آئسولیشن یا قرنطینہ کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوگا اسے دو لاکھ ریال تک کا جرمانہ ہوگا یا دو برس تک کی قید کی سزا دی جائےگی۔
بیک وقت دونوں سزائیں بھی دی جاسکتی ہیں جبکہ دوبارہ خلاف ورزی پر پہلی سزا کے مقابلے میں دگنی سزا دی جائے گی۔
یاد رہے کہ گز؟شتہ روز مدینہ منورہ پولیس کے ترجمان حسین القحطانی نے بتایا تھا کہ کہ 27 افراد جو کورونا وائرس میں مبتلا تھےانہیں ہیلتھ آئسولیشن کی ہدایت کی گئی تھی تاہم پابندی نہ کرنے پر ان کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔