Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کالعدم تحریک لبیک پر پابندی کا معاملہ، کمیٹی کی سمری وزیراعظم کو ارسال

کمیٹی کابینہ کی منظوری کے بعد ٹی ایل پی کی اپیل پر نظر ثانی کا آغاز کرے گی (فوٹو: اے ایف پی)
وزارت داخلہ نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کی نظر ثانی درخواست سننے کے لیے کمیٹی کے قیام کی سمری وزیراعظم کو ارسال کر دی۔
بدھ کو وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کمیٹی کی تشکیل کی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائے گی جبکہ کمیٹی کے نام وزیراعظم کو ارسال کر دیے گئے ہیں۔
وزارت داخلہ نے کمیٹی کے لیے تین نام تجویز کیے ہیں۔
کمیٹی میں ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ محمد ایوب چوہدری، جوائنٹ سیکرٹری داخلہ محمد رمضان اور وزارت قانون کے جوائنٹ سیکرٹری خرم شہزاد مغل شامل ہیں۔
کمیٹی کابینہ کی منظوری کے بعد ٹی ایل پی کی اپیل پر نظر ثانی کا آغاز کرے گی۔
23 اپریل کو کالعدم تنظیم تحریک لبیک پاکستان نے اپنے وکیل کے ذریعے وزارت داخلہ میں پابندی کے خلاف درخواست جمع کروائی تھی۔
درخواست میں کہا گیا تھا کہ ’تحریک لبیک ایک سیاسی جماعت ہے اور اسے آئین اور قانون کے مطابق ملک میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دی جائے۔‘  
خیال رہے کہ 15 اپریل کو وزارت داخلہ کی جانب سے تحریک لبیک پاکستان کو انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے سیکشن 11 بی کے تحت کالعدم تنظیم قرار دیا گیا تھا۔
وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے تحریک لبیک پاکستان کو بطور سیاسی جماعت تحلیل کرنے کے لیے پولیٹیکل پارٹیز ایکٹ کے تحت ریفرنس سپریم کورٹ بھیجنے کا بھی اعلان کیا تھا۔
تاہم بعد ازاں شیخ رشید احمد نے کہا تھا کہ ’ہم نے تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرار دیا ہے، کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے پاس فیصلے کے خلاف 30 روز کے اندر اپیل کا حق موجود ہے۔

شیئر: