’سیرین ایئر کی سعودی عرب کے لیے عید کی خصوصی پروازیں جاری رہیں گی‘
’سیرین ایئر کی سعودی عرب کے لیے عید کی خصوصی پروازیں جاری رہیں گی‘
بدھ 5 مئی 2021 14:35
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
حکومت پاکستان کی جانب سے فضائی آپریشن محدود کرنے کے باوجود سیرین ایئر کی سعودی عرب سے عید کی خصوصی پروازیں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔
سیرین ایئر کی انتظامیہ نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’حکومت کی جانب سے بین الاقوامی پروازوں کو 20 فیصد تک محدود کر دیا گیا ہے تاہم سیرین ایئر 20 فیصد کوٹے کو ہی استعمال کرتے ہوئے سعودی عرب سے پاکستان کے لیے عید پر خصوصی پروازیں اعلان کردہ شیڈول کے مطابق چلائے گی۔‘
خیال رہے کہ حکومت پاکستان نے ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عید الفطر کے موقع پر بین الاقوامی اور مقامی پروازوں کو 80 فیصد تک کم کر دیا ہے، جس کے بعد ملک میں آنے والی ہفتہ وار 590 پروازوں میں سے صرف 123 پروازیں ہی مختلف ہوائی اڈوں سے مسافروں کو لے کر پاکستان اتریں گی۔
سیرین ایئر کی انتظامیہ کے مطابق جدہ اور ریاض سے اسلام آباد اور لاہور کے لیے مجموعی طور پر چھ پروازیں چلائی جائیں گی جن میں جدہ سے اسلام آباد کے لیے ایک جبکہ جدہ سے لاہور کے دو پروازیں شیڈول کی گئی ہیں۔ ریاض سے اسلام آباد کے لیے تین پروازوں عید سے قبل چلائی جائیں گی۔
سیرین ایئر کے عید کے لیے خصوصی فضائی آپریشن کی پہلی پرواز ریاض سے اسلام آباد کے لیے 7 مئی کو روانہ ہوگی جبکہ 9 اور 11 مئی کو ایک ایک پرواز ریاض سے اسلام آباد کے لیے شیڈول کی گئی ہے۔
10 10 مئی کو ایک پرواز جدہ سے مسافروں کو لے کر اسلام آباد روانہ ہوگی جبکہ 8 اور 11 مئی کو جدہ سے ایک ایک پرواز لاہور کے لیے شیڈول کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی مسافروں کے لیے نیا ہدایت نامہ جاری ہونے کے بعد تمام مسافروں کو سفر سے 72 گھنٹے قبل کورونا کی منفی رپورٹ جمع کروانا ہوگی۔
مسافروں کا ایئر پورٹ پہنچنے پر بھی کورونا ریپڈ ٹیسٹ کروایا جائے گا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی پاکستان کے مطابق ایئر پورٹ پر منفی رپورٹ آنے والے مسافروں کو ہی ایئر پورٹ سے جانے کی اجازت ہوگی جبکہ رپورٹ مثبت آنے کی صورت میں مسافر اپنے خرچ پر ہوٹل میں قرنطینہ کرے گا۔