Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سوشل میڈیا پر بغیر پوچھے تصاویر شیئر کرنے کی سزا کیا ہے؟

دوسروں کو بدنام کرنے کی سزا ایک برس قید اور پانچ لاکھ ریال جرمانہ ہے۔(فوٹو عرب نیوز)
سعودی قانونی مشیر اور وکیل حمود الخالدی نے بتایا ہے کہ سوشل میڈیا پر تصویر کے ذریعے دوسروں کو بدنام کرنے کی سزا ایک برس قید اور پانچ لاکھ ریال  جرمانہ ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق حمود الخالدی نے بتایا کہ بعض لوگ سوشل میڈیا پر اس حوالے سے خلاف قانون سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ وہ کبھی انجانے میں دوسروں کی تصاویر لے کر ان سے پوچھے بغیر سوشل میڈیا پر شیئر کرلیتے ہیں جس سے انہیں نقصان پہنچ جاتا ہے۔
قانونی کارروائی پر تصویر شیئر کرنے والے قید اور جرمانے کی سزا  کے مستحق ہوجاتے ہیں۔ 
الخالدی نے مزید کہا کہ بعض لوگ اس قسم کی صورتحال سے دوچار ہونے پر اپنے کیے کا جواز یہ کہہ کر پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں کہ ایسا جان بوجھ کر نہیں کیا۔ ہمارا مقصد برا نہیں تھا۔ انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ قانون دل کی بات پر فیصلہ نہیں کرتا۔
سعودی عرب میں انفارمیشن کرائمز قانون میں تحریر ہے کہ جو شخص ممنوعہ سرگرمیوں میں سے کسی ایک کا مرتکب ہوگا اس پر ایک برس قید اور پانچ لاکھ ریال تک کا جرمانہ ہوگا۔ 
ممنوعہ سرگرمیوں میں کیمرے والے موبائل سے کسی کی نجی زندگی میں دخل اندازی کرنا اور مختلف انفارمیشن ٹیکنالوجی وسائل کے ذریعے کسی کی تشہیر یا نقصان پہنچانا شامل ہے۔ 
سعودی قانونی مشیر کا کہنا ہے ن کہ تصاویر یا کسی کے بارے میں بغیر پوچھے کسی کی تصاویر یا معلومات سوشل میڈیا پر جاری کرنے والے کسی بھی شخص کو اس سزا سے استثنی حاصل نہیں ہے۔

شیئر: