Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اور او آئی سی کی اسرائیل کے غزہ پر فضائی حملوں کی شدید مذمت

وزیراعظم عمران خان اپنی ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ’میں پاکستان کا وزیراعظم ہوں اور میں فلسطینبی عوام کے ساتھ کھڑا ہوں‘ (فوٹو:اے ایف پی)
پاکستان اور اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) نے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فضائی حملوں کی مذمت کی ہے جن میں پیر سے اب تک بچوں سمیت 35 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے بدھ کو اپنی ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ’میں پاکستان کا وزیراعظم ہوں اور میں فلسطینبی عوام کے ساتھ کھڑا ہوں۔‘
عرب نیوز کے مطابق پاکستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے منگل کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’رمضان کے مقدس مہینے کے دوران یہ دوسری قابل مذمت کارروائی ہے جس میں الاقصیٰ مسجد کے اندر اور باہر حملے کیے گئے ہیں اور فلسطینیوں کی بنیادی آزادی پر پابندیاں بڑھائی گئی ہیں۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فورسز کی جانب سے نہتے فلسطینیوں پر طاقت کا بہیمانہ استعمال تمام انسانی حقوق کے قوانین اور انسانی اقدار کے منافی ہے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق ’پاکستان نے انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزیوں اور فلسطینی عوام پر طاقت کے بہیمانہ استعمال کے خاتمے کے لیے عالمی برادری سے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔‘
دوسری جانب اسلامی تعاون کی تنظیم او آئی سی نے منگل کو’اسرائیلی جارحیت‘ پر تبادلہ خیال کے لیے بلائے جانے والے اپنے ورچوئل ہنگامی اجلاس کے بعد کہا ہے کہ ’تنظیم اسرائیل کی جانب سے فلسطینی عوام پر تسلسل کے ساتھ حملوں کی شدید مذمت کرتی ہے۔‘
او آئی سی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سمیت عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ قراردادوں پر عملدرآمد کرائے اور خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے ضروری میکینیزم کو فعال کرے۔

شیئر: