بلوچستان کے ضلع ژوب کے لیے پی آئی اے کی پروازیں تین سال بعد بحال کردی گئیں۔ کراچی سے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن کی پہلی پرواز 41 مسافروں کو لے کر ژوب پہنچ گئی۔
ژوب سے تعلق رکھنے والے بلوچستان کے وزیر ماحولیات مٹھا خان کاکڑ، منیجر پی آئی اے بلال احمد اور سٹیشن منیجر ژوب ایئرپورٹ عبدالشکور اور دیگر حکام نے پہلی پرواز کے مسافروں کا استقبال کیا۔
پروازوں کی بحالی سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر عرب ممالک میں مقیم ژوب کے باشندوں کا دیرینہ مطالبہ تھا۔
مزید پڑھیں
-
پی آئی اے کے اندرون ملک کرایوں میں ’زبردست‘ کمیNode ID: 502921
-
بلند چوٹیوں کا نظارہ، شمالی علاقہ جات کا سستا فضائی سفرNode ID: 525836
پی آئی اے ژوب کے ڈسٹرکٹ سیلز منیجر اسلم شاہ کاکڑ نے اردو نیوز کو بتایاکہ کراچی سے ژوب اور ژوب سے کراچی تک دونوں طرف کی پرواز کے لیے تمام ٹکٹ پہلے ہی فروخت ہوگئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ژوب اور کراچی کے درمیان پی آئی اے کی دو طرفہ پروازیں ہفتے میں دو دن ( منگل اور جمعہ کو) چلیں گی۔ حکومت نے مسافروں کے لیے رعایتی کرایے مقرر کر رکھے ہیں۔
اسلم شاہ کاکڑ کے مطابق ژوب ایئرپورٹ پر بڑے طیارے اتر نہیں سکتے اس لیے جیٹ انجن اور 48 نشستوں والے چھوٹے اے ٹی آر طیارے استعمال کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ طیاروں کی کمی کی وجہ سے 2018 میں پی آئی اے نے ژوب کے لیے پروازیں بند کردی تھیں جس کے بعد سے ایئرپورٹ بھی غیر فعال ہوگیا تھا۔
بلوچستان اسمبلی نے بھی کئی بار قراردادیں منظور کرکے ژوب ایئرپورٹ کی بحالی اور پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
