Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب: ایئرلائنز کو مسافروں کے کوائف آن لائن فراہم کرنے کی ہدایت

سعودی عرب میں 20 مئی سے غیرملکی مسافروں کی پابندیوں میں نرمی کی جا رہی ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
سعودی عرب نے مملکت میں آنے والوں کا کورونا سے متعلق ڈیٹا اکھٹا کرنے کے لیے آن لائن پورٹل بنایا ہے اور ایئرلائنز سے کہا ہے کہ غیرملکی مسافروں کا اندراج کریں۔
عرب نیوز کے مطابق بدھ کو سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے سول ایوی ایشن نے یہ مملکت میں آپریٹ کرنے والے ایئرلائنز کو اس حوالے سے آگاہ کیا ہے۔
بیان کے مطابق یہ آن لائن پورٹل مسافروں کو مملکت آمد پر سہولت فراہم کرے گا اور آنے والوں کے کوائف اُس سعودی موبائل ایپ سے منسلک کرے گا جو کورونا وائرس کے کیسز کا ریکارڈ رکھتی ہے۔

 

سعودی عرب میں 20 مئی سے ان غیر ملکیوں کو حکومت کے مقرر کردہ ہوٹلوں میں قرنطینہ گزارنے کی پابندی سے مستثنیٰ قرار دے دیا گیا ہے جن ملکوں میں کورونا ویکسین دی گئی یا جو افراد کورونا سے مکمل صحت یاب ہوگئے۔
سعودی ٹورازم اتھارٹی کے مطابق یہ استثنیٰ ان تمام افراد کے لیے ہے جو مملکت میں رہائشی، حکومتی اور کاروباری سفر یا وہ افراد جو دوستوں اور اہل خانہ سے ملاقات کرنا چاہتے ہوں تاہم یہ غیرملکی سیاحوں کے لیے نہیں ہے۔
سعودی ٹورازم اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو فہد حامد الدین نے روئٹرز کو بتایا کہ مملکت کو بہت جلد غیرملکی سیاحوں کے لیے کھول دیا جائے گا تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ رواں سال کس دن یہ فیصلہ ہوگا۔
سنہ 2019 سے سعودی عرب نے مملکت میں سیاحت کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں اور غیرملکیوں کے لیے مملکت کے سیاحتی ویزوں کی فراہمی آسان بنائی ہے۔
سعودی عرب نے سنہ 2030 تک مملکت میں دس کروڑ سیاحوں کی سالانہ شرح حاصل کرنے کا ہدف طے کر رکھا ہے۔
عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے قبل سعودی عرب میں سالانہ 40 ملین افراد سیاحت کے لیے آ رہے تھے۔
سیاحت کی انڈسٹری سے سعودی عرب اپنی جی ڈی پی کا دس فیصد حاصل کر رہا تھا۔

شیئر: