سعودی وزیر ثقافت دو روزہ سرکاری دورے پر ایتھنز میں ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن فرحان نے بدھ کو ایتھنز کے ایوان صدارت میں یونان کی خاتون صدرایکا کیرینی ساکیلا روبولو سے ملاقات کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر ثقافت یونان کے دو روزہ سرکاری دورے پر ایتھنز میں ہیں، جہاں وہ یونان اور سعودی عرب کے درمیان ثقافتی تعاون کے پروگرام پر تبادلہ خیال کے لیے یونان کے عہدیداروں سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔
شہزادہ بدر بن فرحان نے یونانی صدر کو سعودی قیادت کی جانب سے خیر سگالی کا پیغام پیش کیا اور کہا کہ یونان اور سعودی عرب کے منفرد تاریخی تعلقات 1926 سے ہیں۔
سعودی وزیر ثقافت نے کہا کہ ’وزارت آئندہ دو برسوں کے دوران یونانی وزارت ثقافت کے ساتھ ثقافتی پروگرام کے لیے تعاون چاہتی ہے۔ اس حوالے سے موثر نتائج حاصل کرنے کی بھرپور کوشش ہوگی۔‘
یونان میں متعین سعودی سفیر ڈاکٹر سعد العمار اور ثقافتی امور و بین الاقوامی تعلقات کے نگران اعلیٰ راکان الطوکان بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔
سعودی وزیر ثقافت کے دورہ یونان کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی تعاون کے نئے مرحلے کی ابتدا کرنا ہے۔
اس حوالے سے یونانی عہدیداروں سے ملاقاتیں ہوں گی، جبکہ یونان کے مشہور ثقافتی اور قابل دید تاریخی مقامات مثلاً ایکرو پیلس اور نیشنل میوزیم کے دورے بھی کریں گے۔