سعودی عرب پہلی بار یونان کے ساتھ مشقوں میں شامل ہورہا ہے۔ ( فوٹو ایس پی اے)
یونان کے سودا ایئربیس پرآئی ایف ڈی فالکن ون سعودی یونانی فضائی مشقوں کا آغاز ہوا ہے۔
سعودی فضائیہ کے ایف 15 سی، یونان کے ایف 16، میراج 2000 اور فینٹم ایف فور نے بحیرہ روم کے اوپر پروازیں کی ہیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق دونوں ملکوں کے جنگی طیاروں نے دو طرح کی مشقیں کی پیں۔ دشمن کے حملے کو ناکام بنانے کے لیے دفاعی پروازیں جبکہ دشمن کے ٹھکانوں پر اچانک فضائی حملوں کی مشق بھی کی گئی۔
مشقوں میں شامل سعودی فضائی دستے کے کمانڈر کرنل عبدالرحمن الشہری نے کہا کہ سعودی عرب پہلی بار یونان کے ساتھ اس قسم کی مشقوں میں شامل ہورہا ہے۔ ان کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ یہ کورونا وبا سے تحفظ کے لیے مقرر تدابیر کی پابندی کرتے ہوئے کی جارہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ فضائی مشقیں شروع کرنے سے قبل دونوں ملکوں کے کمانڈروں نے طریقہ کار، پروازوں کے انداز، شریک طیاروں کی تعداد وغیرہ تمام تفصیلات طے کرلی تھیں۔
سعودی کمانڈر کا کہنا تھا کہ یونانی فضائیہ کے ساتھ ہونے والی پہلی اور غیرمعمولی مشقوں کی بدولت سعودی فضائیہ کے جوانوں کی مہارتیں بہتر ہوں گی اور انہیں جنگی اور دفاعی آپریشنوں میں یونانی افواج کا تجربہ حاصل ہوگا۔