منصوبے کو 30 ملین ریال کے معاہدے سےایک سال کے لیے مزید بڑھایا گیا ہے۔ (فوٹو عاجل)
یمن میں سعودی پروجیکٹ برائے بارودی سرنگ کلیئرنس (مسام) کے تحت بارودی سرنگیں صاف کرنے کا کام جاری ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق رواں ماہ مئی کے دوسرے ہفتے کے دوران مسام نے یمن میں مزید 3 ہزار154 بارودی سرنگیں ناکارہ بنا دی ہیں۔
ان میں 2 ہزار720 اینٹی ٹینک بارودی سرنگوں کےعلاوہ 312 مقامات سے ناکارہ بارودی مواد صاف کیا گیا ہے۔ مسام کے ذریعے 122 دیگر بارودی سرنگیں بھی صاف کی گئی ہیں۔
سعودی عرب نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر یمنی عوام کی مدد کے لیے جاری کئے گئےمنصوبوں میں سے مسام منصوبہ بھی ایک اہم قدم ہے۔
مسام منصوبہ سعودی اور بین الاقوامی ماہرین کی زیر نگرانی کام کرتا ہے جس کا مقصد ایران کے حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے ذریعہ یمن کے مختلف علاقوں خاص طور پر مارب ، عدن ، الجوف ، شبوا ، طائز، حودیدہ ، لاہج ، صنعا ، البیادا ، الدحیل اور صعدہ سے بارودی سرنگوں کا صفایا کرنا ہے۔
منصوبے کے آغاز سے لے کر اب تک ان علاقوں سے مختلف قسم کی دولاکھ 46 ہزار 866 بارودی سرنگیں صاف کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ یمن کے مختلف علاقوں میں حوثیوں کی جانب سے1.1 ملین سے زیادہ بارودی سرنگیں بچھائی جانے کا دعوی کیا جاتا ہے۔ ان کے باعث اب تک سیکڑوں شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔
مسام منصوبے کے تحت بارودی سرنگوں کی صفائی کرنے والی 32 ٹیمیں کام کر رہی ہیں جن کا مقصد شہریوں کی حفاظت کے لئے یمن میں بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنانا ہے اور اس بات کو بھی یقینی بنانا ہے کہ انسانی ہمدردی کے تحت عوام کی حفاظت کے لیے فوری طور پر مدد فراہم کی جائے۔
سعودی عرب کی جانب سے جاری اس منصوبے کے تحت مقامی انجینئروں کو بارودی سرنگیں صاف کرنے کی تربیت دی جاتی ہے ، انہیں جدید سامان مہیا کرنے کے علاوہ متاثرین کی مدد کی جاتی ہے۔
گذشتہ سال 2020 میں مسام منصوبے کو 30 ملین ریال کے معاہدے کے تحت ایک سال کے لیے مزید بڑھایا گیا ہے۔
قبل ازیں یمن کےنیشنل مائن ایکشن پروگرام کے ڈائریکٹر نے بارودی سرنگیں صاف کرنے کے مسام پروجیکٹ پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں