مسجد الحرام میں آئمہ کے محافظوں کی ذمہ داریاں کیا ہیں؟
مکہ میں سکیورٹی اہلکار ہر وقت چوکس رہتے ہیں۔ ( حرمین شریفین جنرل پریذیڈنسی)
مسجد الحرام میں جمعے کے خطبہ کے دوران منبر پر چڑھنے کی کوشش کرنے والے شخص کو بروقت قابو کرنے کے واقعے پر صارفین سوشل میڈیا پر مسجد الحرام میں آئمہ کے محافظوں کی ستائش کر رہے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق صارفین نے ’ہیش ٹیگ الحرم المکی‘ کے ذریعے اپنے تاثرات کا اظہار شروع کیا تھا جو ٹرینڈ بن گیا۔ کئی افراد نے اس بات پر فخر کا اظہار کیا کہ سکیورٹی اہلکاروں نے بروقت کارروائی کی اور انہیں اس کام میں لمحے نہیں لگے۔
حرم کے آئمہ کے محافظوں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وہ امام حرم کے رہائش سے نکلنے، حرم شریف پہنچنے اور رہائش پر واپس جانے تک انتہائی چوکس رہتے ہیں۔ محافظ امام حرم کو ہر طرف سے گھیرے میں لیے ہوئے ہوتے ہیں۔ محراب تک پہنچنے یا منبر پر کھڑے ہونے تک ان کے ساتھ ہوتے ہیں۔ دوسری جانب سے سی سی ٹی وی کیمرے بھی امام حرم کی آمد ورفت کو مانیٹر کرتے ہیں۔
نماز کے دوران بھی سکیورٹی اہلکار چوکس رہتے ہیں۔ امام کے اطراف ہونے والی ہر حرکت پر نظر رکھتے ہیں۔ جہاں وہ کوئی نامانوس حرکت دیکھتے ہیں فورا ہی متحرک ہوجاتے ہیں اور کسی تاخیر کے بغیر کارروائی کرتے ہیں۔
امام حرم جیسے ہی نماز سے فارغ ہوتے ہیں فورا ہی محافظ انہیں اپنے گھیرے میں لے کر انہیں رہائش تک پہنچاتے ہیں۔
یاد رہے کہ مکہ پولیس کے ترجمان نے بتایا تھا کہ سکیورٹی اہلکاروں نے جمعے کو خطبے کے دوران مسجد الحرام کے منبر پر چڑھنے کی کوشش کرنے والے ایک شخص کو حراست میں لیا تھا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں