حرم میں منبر پر حملہ کرنے والا شخص ’مہدی منتظر‘ ہونے کا دعویدار
’تفتیش کے دوران گرفتار شدہ شخص نے اس اقدام کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ وہ مہدی منتظر ہے‘ ( ویڈیو : سبق)
مکہ مکرمہ کی پولیس نے کہا ہے کہ جمعے کے خطبے کے دوران میں منبر پر چڑھنے کی کوشش کرنے والے شخص نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ ’مہدی منتظر‘ ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق پولیس نے کہا ہے کہ ’گرفتار شدہ شخص عمر 40 سے زائد ہے۔ جمعے کے روز اس شخص نے منبر پر چڑھنے کی کوشش کی تاہم حرم مکی کے سکیورٹی اہلکاروں نے فوری طور پر اس کو قابو میں کر لیا‘۔
’سرکاری اداروں نے حراست میں لیے جانے والے شخص کے خلاف ابتدائی اقدمات شروع کر دیئے ہیں جبکہ اس کی ذہنی حالت کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے‘۔
پولیس نے کہا ہے کہ ’تفتیش کے دوران جب گرفتار شدہ شخص سے پوچھا گیا کہ وہ کیوں منبر پر چڑھنا چاہتا تھا تو اس نے بتایا کہ وہ مہدی منتظر ہے‘۔
واضح رہے کہ حرم مکی پولیس نے مسجد الحرام میں نماز جمعہ کے خطبے کے دوران منبر تک پہنچنے کی کوشش کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔
اس دوران نماز جمعہ کے خطبے میں کوئی خلل نہیں آیا اور نمازیوں میں کسی قسم کا اضطراب نہیں پیدا ہوا۔
جس وقت اس شخص نے منبر پر چڑھنے کی کوشش کی تو مسجد حرام کے امام اور خطیب ڈاکٹر بندر بن بلیلہ نماز جمعہ کا خطبہ دے رہے تھے۔