زخمی یمنیو ں کی بحالی کے پروگرام میں سعودی عرب کی امداد
زخمی یمنیو ں کی بحالی کے پروگرام میں سعودی عرب کی امداد
ہفتہ 22 مئی 2021 21:31
شاہ سلمان مرکز نے اپریل میں 339 افراد کی مدد کی ہے( فوٹو ایس پی اے)
یمن کے عدن گورنریٹ میں مصنوعی اعضا اور بحالی مرکز کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے تعاون سے زخمی یمنیوں کے لیے اہم طبی امداد فراہم کر رہا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان مرکز نے اپریل میں 339 افراد کی مدد کرتے ہوئے 460 خدمات سر انجام دیں۔ کارکنوں کے فراہم کردہ مصنوعی اعضا نے 151 مریضوں کی بحالی میں مدد کی۔
کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے فرائض میں مصنوعی اعضا کی ترسیل، پیمائش اور دیکھ بھال کےعلاوہ فزیوتھراپی خدمات،جسمانی تھراپی کے سیشنز اور خصوصی مشاورت شامل ہے جس نے 188 یمنیوں کی بھی مدد کی ہے۔
یہ صحت کے شعبے میں بہتری لانے اور یمنی عوام کی مدد کے لیے مملکت کے ذریعے نافذ کیے گئے انسانی منصوبوں کے ایک حصے کے طور پر آتا ہے جس کی نمائندگی کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے کی ہے۔
خیال رہے کہ کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر اپنے قیام کے بعد سے یمنی بھائیوں کو پناہ، خوراک،صحت کی دیکھ بھال اور تعلیم سمیت مختلف اقسام کی انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔
کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 59 ممالک میں مختلف قسم کے 1556 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 144 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں پر پانچ بلین ڈالر سے زیادہ کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 3.53 ارب ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی جانب سے انسانیت کی خدمت، امدادی اور ترقیاتی سرگرمیوں کے لیے عرب اور دیگر اسلامی ممالک میں کئی منصوبے جاری ہیں۔