اس سال کا پہلا چاند گرہن 26 مئی کو ہوگا
چاند گرہن عرب، افریقہ اور یورپی ممالک میں نہیں دیکھا جاسکے گا۔(فوٹو اخبار 24)
سعودی عرب میں قصیم یونیورسٹی میں فلکیاتی علوم کے سابق پروفیسر عبداللہ المنسد نے توقع ظاہر کی ہے کہ’ آئندہ بدھ 26 مئی کو رات بارہ بجکر 44 منٹ پر مکمل چاند گرہن ہوگا‘۔
اخبار 24 کے مطابق عبداللہ المنسد نے بتایا کہ ’یہ چاند گرہن عرب، افریقہ اور یورپی ممالک میں نہیں دیکھا جاسکے گا‘۔
انہو ں نے کہا کہ’ آئندہ 7 جون کو فجر بعد ثریا ستارہ مشرق کی جانب نمودار ہوگا جسے دیکھا جاسکے گا‘۔
قصیم یونیورسٹی میں فلکیاتی علوم کے سابق پروفیسر نے بتایا کہ ’چاند گرہن کے موقع پر بیشتر علاقوں کا موسم مستحکم ہوگا۔ کہیں کہیں مطلع ابر آلود ہوگا۔ بارش ہوسکتی ہے جبکہ سعودی عرب کے شمالی سرحدی علاقوں الجوف اور تبوک میں بعض مقامات پر بارش ہونے کا بھی امکان ہے‘۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ماہرفلکیات ڈاکٹر حسن عسیری نے بتایا تھا کہ اس سال دو چاند اور دو سورج گرہن ہوں گے۔ پہلا چاند گرہن 26 مئی کو ہوگا جو مکمل گرہن ہو گا جبکہ دوسرا چاند گرہن جزوی طورپر ہوگا جو 19 نومبر کو دکھائی دے گا۔
سال 2021 میں پہلا سورج گرہن 10 جون جبکہ دوسرا گرہن 4 دسمبر کو ہو گا۔