سعودی نائب وزیر دفاع سے امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ کی ملاقات
امریکہ اور سعودی عرب کے مابین دفاعی شعبے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ (فوٹو واس)
سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل کینتھ میکینزی نے ملاقات کی ہے۔
سعودی نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس ملاقات میں جنرل کینتھ میکینزی کے ہمرا ہ آنے والا وفد بھی شامل تھا۔
انہوں نے امریکہ اور سعودی عرب کے مابین خصوصی طور پر دفاعی شعبے میں شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا۔
اس ملاقات کے دوران بین الاقوامی امن و سلامتی کو برقرار رکھنے اور خطے میں استحکام کو فروغ دینے کے لیے اس شراکت کی اہمیت اورکردار پر زور دیا گیا۔
دونوں رہنماوں نے خطے کی تازہ ترین صورتحال اور اس میں ہونے والی پیشرفت کے علاوہ علاقے اور دنیا کی سلامتی اور استحکام کیلئے کی جانے والی مشترکہ کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اس ملاقات میں سعودی عرب اور امریکہ کے متعدد اعلی عہدیداران شریک تھے۔