Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سندیپ اور پنکی فرار‘، ’اس فلم کا سیکوئل تو بنتا ہے‘

ارجن کپور اور پرنیتی چوپڑا اس سے قبل فلم عشق زادے میں اکٹھے کام کر چکے ہیں (فوٹو:ڈی این اے)
بالی وڈ اداکار ارجن کپور جو آج کل اپنی فلم ’سندیپ اور پنکی فرار‘ کی کامیابی پر پھولے نہیں سما رہے، ان کا خیال ہے کہ فلم کے کلائمیکس نے اس کے سیکوئل کا امکان روشن کر دیا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق انہیں یقین ہے کہ ہدایت کار دیباکر بینرجی آسانی کے ساتھ ایسی صورت حال دکھا سکتے ہیں جس میں ارجن اور پرنیتی چوپڑا پھر سے اکٹھے ہو جائیں۔
جب ان سے فلم کے سیکوئل کے بارے میں پوچھا گیا تو ارجن کا کہنا تھا ’جب آپ فلم کا بہترین کلائمیکس دیکھتے ہیں جس کو ہدایت کار نے بہت مہارت کے ساتھ بنایا ہے، آپ کو محسوس ہو گا کہ اس کا تو سیکوئل بنتا ہے۔ اس میں کافی گنجائش موجود ہے‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ اب جب فلم کو ہر طرف سے سراہا جا رہا ہے، یہ میرے فنکار ڈائریکٹر اور ان کے جینیئس دماغ پر منحصر ہے کہ ان کو بھی ایسا لگتا ہے یا نہیں۔‘
ارجن کے بقول ’مجھے یقین ہے جب بھی وہ ہم کو گرین سگنل دیں گے، میں اور پری شوٹنگ کے لیے پہنچ جائیں گے۔‘ ارجن ان کو دیبارکر کی جانب سے ایک بدعنوان ہریانوی پولیس والے کا کردار دینے پر شکرگزار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’سندیپ اور پنکی فرار ان کے لیے بطور اداکار ایک نیا تجربہ تھی۔ یہ مجھے وہاں لے گئی جس کا میں نے تصور بھی نہیں کیا تھا اور یہ سب کچھ دیبارکر کی بدولت مل رہا ہے۔'
دیباکر کی جانب سے لکھی، پروڈیوس اور ڈائریکٹ کی جانے والی فلم میں نرینہ گپتا، رگھوویر یادو اور جیدیپ اہلاوت نے بھی کردار نبھائے ہیں۔

’سندیپ اور پنکی فرار‘ دیباکر بینرجی نے لکھی، پروڈیوس اور ڈائریکٹ کی ہے (فوٹو: بالی وڈ ہنگامہ)

 سندیپ اور پنکی فرار کی کہانی دو افراد کے گرد گھومتی ہے جن کی زندگیاں اچانک مل جاتی ہیں۔
ستم ظریفی یہ ہوتی ہے کہ یہ جوڑا آپس میں بداعتمادی اور نفرت سے جڑا رہتا ہے۔ ڈرامے اور سسپنس کی صورت حال دیکھنے والے کو اپنے سحر میں جکڑے رکھتی ہے۔
عشق زادے میں اکٹھے کام کرنے کے بعد یہ جوڑا اب پھر سے اکٹھا ہوا ہے۔ سندیپ اور پنکی فرار کے علاوہ ارجن کی حال ہی میں سردار کا گرینڈ سن، ایک ویلین ریٹرنز اور بھوت پولیس نامی فلمیں پائپ لائن میں ہیں۔

شیئر: