Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مخصوص افراد کی پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنےوالوں کے خلاف مہم

پولیس معذورافراد کی گاڑیوں کےلیے خصوصی پرمٹ جاری کرتی ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
ٹریفک پولیس کی جانب سے مخصوص افراد کی پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنےوالوں کے خلاف مملکت کے تمام ریجنز میں اچانک تفتیش مہم کا آغاز کردیاگیاہے۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو متنبہ کیا ہے کہ مخصوص افراد کےلیے فراہم کی گئی پارکنگ میں عام لوگوں کا گاڑی کھڑا کرنا خلاف قانون ہے جس پرچالان کیاجاتاہے۔
ویب نیوز ’سبق ‘ نے ٹریفک پولیس کی جانب سے کیے گئے ٹوئٹ کے حوالے سے کہا ہے کہ مہم کے آغاز پر مملکت کے مختلف شہروں میں 2 ہزار 539 گاڑیوں کے چالان کیے گئے جن کے مالکان نے مخصوص پارکنگ میں اپنی گاڑیاں کھڑی کی تھیں۔

 مملکت کے تمام ریجنز میں اچانک تفتیسی مہم شروع کی گئی(فوٹو، ٹوئٹر)

ٹریفک قانون کے تحت عوامی مقامات پرمخصوص لوگوں کےلیے بنائی گئی پارکنگ میں عام افراد کا گاڑی پارک کرنا منع ہے ایسا کرنے والوں کا فوری طورپر چالان کیاجاتا ہے۔
مخصوص پارکنگ کا قانون اگرچہ کافی قدیم ہے تاہم گزشتہ چند برسوں سے اس قانون پرسختی سے عمل درآمد کرایا جارہا ہے جس کے تحت ہرشاپنگ مال اور سرکاری وعوامی مقامات پرمخصوص افراد کےلیے مختص کی گئی پارکنگ کی نشاندہی کےلیے  بورڈ نصب کیے جاتے ہیں ۔
ادارہ ٹریفک پولیس ایسے افراد کو جو کسی قسم کی جسمانی معذوری میں مبتلا ہیں انکی گاڑیوں کےلیے خصوصی پرمٹ جاری کرتا ہے۔
ادارے کی جانب سے جاری ہونے والے خصوصی اسٹیکرز گاڑیوں پرچسپاں کیے جاتے ہیں جس کے بعد مخصوص افراد اپنی گاڑیاں ان پارکنگ میں کھڑا کرسکتے ہیں ۔
عام افراد اگر ایسی پارکنگ میں اپنی گاڑی پارک کرتے ہیں تو ٹریفک پولیس کے اہلکار انکا چالان کرتے ہیں ۔ ادارہ ٹریفک کی جانب سے مخصوص پارکنگ کی خلاف ورزی کرنے والوں کو وقتا فوقتا متنبہ کیاجاتا ہے کہ وہ اپنی گاڑیاں درست طریقے سے پارک کریں اورجرمانے سے بچنے کےلیے قانون شکنی نہ کریں ۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں
 
 

شیئر: