Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا، پاکستان داخلے کے لیے ’صرف منظور شدہ لیبارٹریز کا ٹیسٹ قابل قبول‘

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تمام ایئرلائنز کو ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بیرون ملک سے آنے والی ایئرلائنز کو ہدایت کی ہے کہ صرف ان مسافروں کو سفر کرنے کی اجازت دی جائے جن کے پاس منظور شدہ لیبارٹریز کی کورونا منفی رپورٹ موجود ہو۔  
اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تمام ایئرلائنز کو ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔  
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’بیرون ملک خصوصاً خلیجی ممالک سے آنے والے مسافروں میں کورونا مثبت کیسز کی شرح زیادہ پائی گئی ہے، مسافروں کی جانب سے جعلی رپورٹس جمع کرائی گئی ہیں جس کی وجہ سے ایئرپورٹ پہنچنے پر مسافروں میں کورونا مثبت کی تشخیص ہو رہی ہے۔‘  
حکام کے مطابق ’ایئرلائنز کے پاس منظور شدہ لیبارٹریز کا ڈیٹا موجود ہوتا ہے اس لیے انہیں ہدایت کی گئی ہے جعلی رپورٹس والے مسافروں کو سفر کی اجازت نہ دی جائے بصورت دیگر جرمانے عائد کیے جائیں گے۔‘
خیال رہے کہ سنیچر کو این سی او سی نے متحدہ عرب امارات سے آنے والے مسافروں کے لیے منظور شدہ لیبارٹریز سے ٹیسٹ کروانے کی شرط عائد کی تھی۔  
سول ایوی ایشن حکام کے مطابق ’متحدہ عرب امارات، بحرین اور اومان سے آنے والے مسافروں میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح زیادہ دیکھی گئی ہے جس کی وجہ سے ان ممالک سے آنے والے ممالک سے آنے والے مسافروں کے لیے متعلقہ محکمہ صحت سے منظور شدہ لیبارٹریز سے ٹیسٹ کروانے کی شرط عائد کی گئی ہے۔  
واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے بیرون ملک سے آنے والے تمام مسافروں کے لیے کورونا رپورٹ کی جمع کروانے کی شرط عائد کر رکھی ہے جبکہ انڈیا، بنگلہ دیش، سری لنکا اور ایران سمیت 38 ممالک سے آنے والے مسافروں کو داخلے پر مکمل طور پر پابندی عائد ہے۔  
سی کیٹگری میں شامل ان ممالک سے آنے والے مسافروں کو این سی او سی کی خصوصی اجازت نامے کے بعد پاکستان کے لیے سفر کی اجازت دی جارہی ہے۔  

شیئر: