Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’فائزر ویکسین حج زائرین، بیرون ملک سفر کرنے والوں کو لگے گی‘ 

40 سال سے کم عمر کے زائرین کو فائزر ویکسین کے لیے ترجیح دی جائے گی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے پاکستان میں فائزر ویکسین لگوانے سے متعلق گائیڈ لائنز جاری کرتے ہوئے بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستانیوں کو ترجیح دینے کی ہدایت کی ہے۔  
اسلام آباد کے محکمہ صحت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر اردو نیوز کو بتایا کہ ’این سی او سی کی ہدایت کے مطابق فائزر ویکسین بیرون ملک سفر کرنے والوں کو لگائی جائے گی۔‘
’فائزر ویکسین ان لوگوں کے لیے مختص کی گئی ہے جو ملازمت یا تعلیم کی غرض سے بیرون ملک سفر کرنا چاہتے ہیں یا ایسے مسافروں کو ترجیح دی جائے گی جو ان ممالک کا سفر کرنا چاہتے ہیں جہاں فائزر ویکسین کی شرط عائد کی گئی ہے۔‘  
انہوں نے بتایا کہ ’عمرہ اور حج زائرین کے لیے بھی فائزر ویکسین مختص کی گئی ہے اور جیسے ہی حج آپریشن کا اعلان کیا جائے گا، 40 سال سے کم عمر کے زائرین کو فائزر ویکسین کے لیے ترجیح دی جائے گی۔‘  
فائزر ویکسین لگوانے کے عمل کے آغاز سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ’ابھی ویکسین کی کھیپ موصول نہیں ہوئی جیسے ہی وفاقی حکومت تمام صوبوں کو ویکسین فراہم کرتی ہے ویکسنیشن کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔ امید ہے کہ وفاق فائزر کی دوسری کھیپ موصول ہونے کے بعد ویکسین فراہم کرنا شروع کر دے گا، جس کے بعد ان گائیڈ لائنز کا باظابطہ اعلان کر دیا جائے گا۔‘ 
12 سے 18 سال کی عمر کے بچوں کو ویکسین لگوانے سے متعلق سوال پر انہوں نے بتایا کہ ’ابھی بچوں کو ویکسین لگانے سے متعلق کوئی ہدایات موصول نہیں ہوئی ہیں۔‘  

بیشتر ممالک نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لیے اسٹرازینیکا اور فائزر ویکسین کی منظوری دی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

محکمہ صحت سندھ کی ترجمان مہر خورشید نے بھی اردو نیوز کو تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ’فائزر ویکسین بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستانیوں کے لیے مختص کی گئی ہے۔‘
خیال رہے کہ پاکستان میں چینی کمپنی کی تیار کردہ تین ویکسیز کے علاوہ سپوتنک فائیو اور اسٹرازینیکا کے استعمال کی اجازت دی گئی ہے جبکہ گذشتہ ہفتے فائزر کی پہلی کھیپ موصول ہونے کے بعد ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے ویکسین کی منظوری دے دی ہے۔  
خیال رہے کہ سعودی عرب سمیت بیشتر ممالک نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لیے اسٹرازینیکا اور فائزر ویکسین کی منظوری دی ہے تاہم پاکستان میں صرف 40 سال سے زائد عمر کے افراد کو ہی اسٹرازینیکا ویکسین لگانے کی اجازت دی گئی ہے۔  
فائزر ویکسین کو بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستانیوں کے لیے مختص کرنے سے 40 سال سے کم عمر مسافروں کے لیے سفر کی راہ میں رکاوٹ ختم ہو جائے گی۔  

شیئر: