Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں 18 سال سے زائد عمر کے افراد کی تین جون سے ویکسینیشن

اس سے قبل 30 سال اور اس سے زائد عمر کی 'واک ان' ویکسینیشن کا اعلان ہوا تھا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ  ملک میں 18 سال سے زائد عمر کے رجسٹرڈ افراد کی ویکسینیشن تین جون سے شروع کی جائے گی۔
پیر کو اپنی ایک ٹویٹ میں اسد عمر نے بتایا کہ ’نیشنل کمانڈ ایند آپریشن سینٹر کے آج ہونے والے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ 18 سال سے زائد عمر کے رجسٹرڈ افراد کی ویکسینیشن تین جون سے شروع کی جائے گی۔ اس اقدام کے تحت ویکسینیشن کے اہل عمر کے حامل افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔ براہ مہربانی جلد سے جلد رجسٹر ہوں۔‘
اس سے قبل 30 سال اور اس کے زائد عمر کے افراد کے لیے 'واک ان' ویکسینیشن کا اعلان کیا گیا تھا۔
اسد عمر نے گذشتہ روز بتایا کہ سنیچر کو ایک دن میں ویکسینیشن کا نیا ریکارڈ قائم ہوا، تین لاکھ سے زائد افراد کی ویکسینیشن کی گئی۔
اتوار کو اپنی ایک ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’الحمدللہ کل ایک دن میں ویکسینیشن کا نیا ریکارڈ قائم کیا گیا، کل 3 لاکھ 83 ہزار سے زائد افراد کی ویکسینیشن کی گئی۔ اب تک 70 لاکھ افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’رجسٹر کرانے والوں کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
پاکستان میں چین کی سائنو فارم، سائنوویک اور کین سائنو جبکہ برطانیہ کی آکسفورڈ آسٹرا زینیکا اور روس کی سپوتنک فائیو ویکسین شہریوں کو لگائی جا رہی ہے۔
امریکہ کی فائزر ویکسین کی ایک کھیپ بھی پاکستان پہنچ چکی ہے۔
پاکستان میں عیدالفطر کے دوران وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سخت بندشیں عائد کی گئیں جبکہ صوبہ سندھ میں اس دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح میں اضافہ ہوا تھا۔

 

شیئر: