شاہ سلمان ریلیف سینٹر کا پاکستان میں اندھے پن سے نمٹنے کے لیے طبی مہم کا آغاز
شاہ سلمان ریلیف سینٹر کی اس مہم میں 30 ہزار مریضوں کا معائنہ کیا جائے گا۔ (فوٹو: سعودی سفارت خانہ)
شاہ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر (کے ایس ریلیف) نے پاکستان میں اندھے پن اور اس کی وجہ سے ہونے والی بیماریوں سے نمٹنے کے لیے رضاکارانہ طبی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔
سعودی سفارت خانے کی جانب سے جمعے کو جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ’ کے ایس ریلیف نے یہ مہم البصر انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کے تعاون سے شروع کی ہے اور اس کے تحت صوبہ سندھ میں کراچی، كنڈيارو، شکارپور اور بلوچستان کے ضلع خاران اور قلات میں 30 ہزار مریضوں کا معائنہ اور 2400 آپریشنز کیے جائیں گے۔‘
اس کے علاوہ ’اس مہم میں ایک ماہ کے اندر کمزور نظر والے افراد میں 6 ہزار عینکیں مفت تقسیم کی جائیں گی۔‘
گذشتہ سال پاکستان میں اندھے پن کا مقابلہ کرنے کے لیے آخری رضا کارانہ طبی مہم کے دوران کے ایس ریلیف نے 2500 سے زائد آنکھوں کے آپریشنز مکمل کیے اور ہزاروں افراد مفت آنکھوں کے معائنے، علاج اور ادویات سے مستفید ہوئے۔
یہ پروجیکٹ سعودی عرب کے انسانی امداد کے منصوبوں کے تحت آتا ہے جس کی نمائندگی شاہ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کرتا ہے تاکہ سب سے زیادہ کمزور لوگوں کی مدد کی جا سکے۔
خیال رہے کہ کے ایس ریلیف سنہ 2005 سے پاکستان کے تمام صوبوں میں قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کے دکھوں کو کم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔ اس نے 12 کروڑ 40 لاکھ ڈالر سے زائد مالیت کے کیمپ کوآرڈینیشن، فوڈ سکیورٹی، تعلیم، صحت اور پانی جیسے 120 مختلف منصوبوں کو مکمل کیا ہے۔