Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی عرب کا حسن‘ امریکی مقابلے میں کامیاب تصویر

تصویر میں سمندری حسن کو اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی ۔( فوٹو ٹوئٹر)
ریاض میں امریکی سفارتخانے نے ’سعودی عرب کا حسن‘ کے عنوان سے تصویری مقابلے میں کامیاب ہونے والی تصویر ٹوئٹر پر شیئر کی ہے۔ 
یہ  تصویر  سعودی فوٹو گرافر محمد الشریف کی ہے۔ امریکی سفارتخانے کی جانب سے محمد الشریف کو مبارکباد اور تصویری مقابلے کے تمام  شرکا کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق محمد الشریف نے بتایا کہ امریکی سفارتخانے نے 2021 کے آغاز میں اپنے ٹوئٹ میں یہ خواہش ظاہر کی کہ وہ سعودی عرب کے قابل دید مقامات کی ایک ایسی تصویر منتخب کرنا چاہتا ہے جسے وہ اپنے سرکاری اکاؤنٹ کا حصہ بناسکے۔ 
سعودی فوٹو گرافر کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں چار تصاویر مسابقے کے لیے پیش کیں۔ ان میں سے ایک کا انتخاب عمل میں آیا۔ یہ تصویر الوجہ اور املج کے درمیان واقع ریڈ سی پروجیکٹ کی تھی۔
اس تصویر کے ذریعے اس ابھرتے ہوئے علاقے کے سمندری حسن کو اجاگر کرنے کی کوشش کی تھی۔ تصویر کے انتخاب پر میری خوشی ناقابل بیان ہے۔  
ریاض میں امریکی سفارتخانے نے اپنے سرکاری اکاؤنٹ پر سعودی فوٹو گرافروں کی چار منتخب تصاویر جاری کرکے صارفین سے پسندیدہ ترین تصویر کے انتخاب میں مدد کی اپیل کی تھی۔
امریکی سفارتخانے نے ٹوئٹر پر چاروں تصاویر منسلک کرکے فوٹو گرافر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ‘آپ کا شکریہ آپ کی اچھوتی صلاحیت کو سلام، اب ووٹنگ کا وقت آگیا ہے جس تصویر کے حق میں زیادہ ووٹ آئیں گے وہی ہمارے اکاؤنٹس پر سعودی عرب کے حسن کی نمائندہ تصویر کے طور پر استعمال ہوگی‘۔

شیئر: