ابوظبی میں کھیلے گئے پی ایس 6 کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو پانچ وکٹوں سے ہرا دیا۔
بدھ کے روز شیخ زاید سٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے 143 رنز کے جواب میں لاہور قلندرز نے میچ کی آخری گیند پر مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔
لاہور قلندرز کو آخری اوور میں میچ جیتنے کے لیے 16 رنز درکار تھے جو اس نے راشد خان کی عمدہ بلے بازی کی بدولت حاصل کر لیے۔
راشد خان نے پانچ گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 15 رنز بنائے اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
مزید پڑھیں
-
شاہد آفریدی اور نسیم شاہ پی ایس ایل 6 سے باہرNode ID: 568181
لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے سب سے زیادہ 40 رنز بنائے اور فواد احمد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ محمد حفیظ 29 رنز بنانے کے بعد حسن علی کی بال پر آصف علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
ٹم ڈیوڈ 23 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ بین ڈنک نے 17 رنز بنائے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان اور کپتان سہیل اختر نے اننگز کا آغاز کیا۔
اوپنر فخر زمان صرف 9 رنز بنانے کے بعد فہیم اشرف کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ محمد فیضان 9 رنز بنا کر شاداب خان کا شکار بنے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے حسن علی نے دو جبکہ فہیم اشرف، فواد احمد اور شاداب خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 143 رنز سکور کیے اور اس کے نو کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ فہیم اشرف نے سب سے زیادہ 27 رنز بنائے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عثمان خواجہ نے پی ایس ایل میں ڈیبیو کیا۔ ان کے ساتھ اوپنر کولن منرو سات گیندوں پر 11 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
ان کے بعد روحیل نذیر آٹھ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

کپتان شاداب خان سات، افتخار احمد 12 رنز اور حسین طلعت 14 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ آصف علی سات رنز بنانے کے بعد احمد دانیال کی گیند پر محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ حسن علی 14 رنز بنانے کے بعد حارث رؤف کی گیند پر شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
اس میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کے چھٹے سیزن میں پاکستان میں 14 میچز کھیلے گئے تھے۔

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے میچز رواں سال مارچ میں اس وقت مؤخر کر دیے گئے تھے جب کھلاڑیوں اور سپورٹنگ سٹاف میں کورونا کے کیسز سامنے آئے تھے اور لیگ کو دوبارہ ملک کے اندر شروع کرنے کی کوششوں کو وبا کی تیسری لہر میں شدت کے باعث ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
متحدہ عرب امارات کے میدانوں میں کھیلے جانے والے بقیہ میچز کے دوران کھلاڑیوں کو تماشائیوں سے خالی سٹیڈیم اور شدید گرمی کا بھی مقابلہ کرنا ہوگا۔
ابوظبی میں شروع ہونے والے کورونا سے متاثرہ ٹی 20 میچز کے دوران درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا۔
