گذشتہ سال اکتوبر میں کنگنا رناوت کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کیا گیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت کے پاسپورٹ کی تجدید سے متعلق درخواست پر سماعت ممبئی کی عدالت نے 25 جون تک ملتوی کر دی ہے۔
اپنے متنازع بیانات کے لیے مشہور اداکارہ کنگنا رناوت نے عدالتی فیصلے پر اپنے خیالات کا اظہار کرنے کے لیے ایک مرتبہ پھر سوشل میڈیا کا سہارا لیا ہے۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق کنگنا رناوت نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’کو‘ پر لکھا کہ ’’تباہ کن حکومت نے بالواسطہ طریقے سے مجھے دوبارہ ہراساں کرنا شروع کر دیا ہے۔‘
’پاسپورٹ کی تجدید سے متعلق میری درخواست مسترد کر دی گئی ہے کیونکہ ٹپوری/ سڑک کے کنارے کے رومیو محمد علی نے مجھ پر بغاوت کا مقدمہ دائر کر رکھا ہے۔‘
کنگنا رناوت نے مزید کہا کہ ’عدالت نے مقدمہ تقریباً خارج کر دیا ہے، لیکن پھر بھی عدالت نے میری پاسپورٹ سے متعلق درخواست مسترد کر دی۔‘
بالی وڈ اداکارہ نے مزید کہا کہ عدالت نے ان کی درخواست کو ’مبہم‘ قرار دیا ہے۔
کنگنا رناوت کا کہنا تھا کہ ’جب عامر خان نے انڈیا میں عدم برداشت پر بات کر کے بی جے پی کی حکومت کو ناراض کیا تھا، تو کسی نے بھی ان کا پاسپورٹ ضبط کر کے فلموں یا شوٹنگ میں رکاوٹ نہیں ڈالی تھی۔‘
اداکارہ نے کہا کہ ’عامر خان کو کسی طرح بھی نہ تو اذیت دی گئی اور نہ ہی ہراساں کیا گیا۔‘
فلم کی شوٹنگ کے باعث کنگنا رناوت نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ کیس کی سماعت 25 جون سے پہلے کی جائے، تاہم بینچ کا کہنا تھا کہ ’اداکارہ اپنا شیڈول ایڈجسٹ کر سکتی ہیں۔‘
عدالت نے مزید کہا کہ ’اگر درخواست گزار چوکس ہوتیں تو وہ اپنی تمام تفصیلات وکیل کو فراہم کرتیں۔ 25 جون کی ہی ابتدائی تاریخ میسر ہے جو ہم آپ کو دے سکتے ہیں۔‘
یاد رہے کہ گذشتہ سال اکتوبر میں کنگنا رناوت اور ان کی بہن رنگولی چنڈل کے بیانات پر ممبئی پولیس سٹیشن میں بغاوت کے الزامات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔