کنگنا رناوت کا پروڈکشن ہاؤس جنوری 2020 میں کام شروع کر دے گا (فوٹو:ٹوئٹر)
بالی وڈ کی مشہور اداکارہ کنگنا رناوت نے کہا ہے کہ وہ اپنا پروڈکشن ہاؤس کھولنے جارہی ہیں جو جنوری سے کام کرنا شروع کر دے گا۔
کنگنا کے مطابق ان کے پروڈکشن ہاؤس میں کم بجٹ کی فلمیں تیار ہوں گی جو باکس آفس پر ہٹ ہوں گی۔
ایک انڈین میگزین مڈ ڈے کو انٹرویو دیتے ہوئے بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت کا کہنا تھا کہ وہ اپنے پروڈکشن ہاؤس میں بننے والی فلموں میں خود اداکاری نہیں کریں گی بلکہ ان فلموں میں نئے لوگوں کو موقع دیں گی۔
’ ہمارے ہاں صلاحیت کی کمی نہیں ہے، میں ان لوگوں کو اپنی فلموں میں موقع دوں گی جو سکرپٹ کے لے لیے موزوں ہوں، ان اداکاروں کی خود تربیت بھی کروں گی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اگلے سال کے پہلے مہینے تک ان کا پروڈکشن ہاؤس تیار ہو جائے گا۔
انہوں نے اپنے پرڈکشن ہاؤس کے لیے پالی ہل میں جگہ خریدی ہے۔ ان کے پرڈکشن ہاؤس کا نام ’مانیکارنیکا فلمز‘ ہے۔
کنگنا رناوت کے مطابق وہ اپنے پروڈکشن ہاؤس کے لیے مختلف سکرپٹس پر کام کر رہی ہیں۔
’ میں چھوٹے بجٹ کی فلموں پر کام کروں گی، اور دیکھوں گی کہ ان کا ریسپانس کیا ملتا ہے، اس کے بعد میں بڑے پیمانے پر کام کرنا شروع کر دوں گی۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مضبوط سکرپٹس سے فلمیں بڑی سکرینوں تک پہنچتی ہیں۔
کنگنا رناوت نے 2017 میں اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وہ اپنا پروڈکشن ہاؤس کھولیں گی۔
کنگنا رناوت کو آخری بار ایکتا کپور کی فلم ’ججمینٹل ہے کیا‘ میں دیکھا گیا تھا۔ اداکارہ کنگنا فلم ' تھیلوی' میں تامل ناڈو کی وزیراعلیٰ جے للیتا کا مرکزی کردار ادا کریں گی۔
اس سے قبل کنگنا رناوت ’مانیکارنیکا‘ میں جھانسی کی رانی کا مرکزی کردار ادا کرچکی ہیں۔
ججمینٹل ہے کیا کے بجٹ کے بارے میں کنگنا رناوت کا کہنا تھا کہ اگر یہ فلم میرے بغیر 10 کروڑ میں بنتی تو یہ 40 کروڑ کا بزنس کرتی۔
کنگنا رناوت اداکارہ کے علاوہ ڈائریکٹر بھی ہیں۔ انہوں نے تنو ویڈز منو، کوئین جیسی فلموں میں بھی کام کیا ہے۔