کم ویلیو ایڈڈ ٹیکس وصول کرنے پر بھی 25 فیصد جرمانہ ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
محکمہ زکوۃ و ٹیکس کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس کے آغاز سےمئی 2021 تک ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی 41 ہزار خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔ جبکہ قسطوں میں زکوۃ ادا کرنے کے لیے 2089 درخواستیں آن لائن موصول ہوئی ہیں-
ویب نیوز ’العربیہ ‘ کے مطابق محکمہ زکوۃ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بیشتر خلاف ورزیوں کا تعلق ٹیکس بل محفوظ نہ رکھنے، ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے بل محفوظ نہ رکھنے، ویلیو ایڈڈ ٹیکس وصول نہ کرنے، ویلیو ایڈڈ ٹیکس کا نمبر نہ رکھنے، مقررہ ٹیکس سے کم وصول کرنے، زیادہ وصول کرنے اور تمباکو مصنوعات کی ٹیکس مہریں نہ رکھنے کے حوالے سے ریکارڈ کی گئیں-
محکمہ نے ٹیکس خلاف ورزیوں پر مقررہ سزاؤں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس چوری پر زمرہ بندی کے حوالے سے متعدد جرمانے مقرر ہیں-
ٹیکس نہ دینے پر 25 فیصد جرمانہ مقرر ہے- واجب ٹیکس سے کم ویلیو ایڈڈ ٹیکس وصول کرنے پر بھی 25 فیصد جرمانہ ہے جبکہ منتخب اشیا پر ٹیکس خلاف ورزی کی صورت میں ان کی قیمت سے 3 گنا تک جرمانہ لگایا جاسکتا ہے-
یاد رہے کہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس بلواسطہ ٹیکس ہے- یہ مملکت کے ادارے تمام سامان فروخت کرنے اور خدمات فراہم کرنے پر وصول کرتے ہیں- ویلیو ایڈڈ ٹیکس دنیا کے 160 سے زیادہ ملکوں میں رائج ہے- یہ سرکاری آمدنی کا اہم ذریعہ بن چکا ہے-