پشتون قوم پرست جماعت پشتونخوا ملی عوامی کے سینیئر رہنما سابق سینیٹر عثمان خان کاکڑ برین ہیمبرج کے حملے کے بعد گر کر زخمی ہو گئے ہیں۔
پارٹی رہنما سابق صوبائی وزیرعبدالرحیم زیارتوال کے مطابق جمعرات کو عثمان کاکڑ کوئٹہ میں واقع اپنے گھر میں تھے جب ان کی دماغ کی شریان پھٹ گئی۔ برین ہیمبرج کے اس حملے کے وہ خود کو نہ سنبھال سکے اور گر کر زخمی ہو گئے۔ انہیں سر پر چوٹ آئی ہے۔
عثمان کاکڑ کو فوری طور پر کوئٹہ کے علاقے پشین سٹاپ میں واقع نجی ہسپتال اور پھر کوئٹہ کے معروف نیورو سرجن ڈاکٹر نقیب اللہ کے کلینک لے جایا گیا جہاں ڈاکٹر نقیب اللہ، ڈاکٹر راز محمد کاکڑ، ڈاکٹر امان اللہ کاکڑ، ڈاکٹر فیض ترین اور ڈاکٹر مناف ترین پر مشتمل ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے آپریشن کیا۔
مزید پڑھیں
-
کوئٹہ کے ڈاکٹر اعصابی الجھنوں کا شکار کیوں؟Node ID: 419966
-
کوئٹہ دھماکہ: ’ان کی خوشیاں ایک تھیں، دنیا سے گئے بھی اکٹھے‘Node ID: 559751
پارٹی رہنما کے مطابق آپریشن کے بعد عثمان کاکڑ کو سٹی انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے۔
عبدالرحیم زیارتوال نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’پارٹی کے سینیئر رہنما کی حالت بدستور تشویشناک ہے، وہ کومہ میں ہیں اور آپریشن کے بعد صرف ایک بار پاؤں کو حرکت دی ہے۔‘
بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ سے تعلق رکھنے والے عثمان خان کاکڑ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اور صوبائی صدر ہیں۔ انہوں نے عملی سیاست کا آغاز تین دہائیاں قبل پشتونخوا میپ میں شمولیت سے کیا اور تب سے اسی سے وابستہ ہیں۔
محمود خان اچکزئی کے بعد عثمان کاکڑ پشتونخوا میپ کے سب سے مقبول رہنما مانے جاتے ہیں۔
