دنیا کے طویل قامت بہن بھائی، کئی ریکارڈ اپنے نام کرلیے
دنیا کے طویل قامت بہن بھائی، کئی ریکارڈ اپنے نام کرلیے
جمعہ 18 جون 2021 20:09
دنیا کے بلند قامت بھائی بہن کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں مصر کے دو طیل قامت بھائی بہن نے کئی ریکارڈ اپنے نام کیے ہیں۔ دونوں کا تعلق مصر کے الشرقیہ صوبے میں ایسے خاندان سے ہے جو طویل قامت مانا جاتا ہے۔
المرصد ویب سائٹ کے مطابق محمد شحاتہ اور ھدی شحاتہ عبدالجواد کو دنیا کے بلند قامت بھائی بہن کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔
29 سالہ ھدی شحاتہ عبدالجواد گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے تین ریکارڈ اپنے نام کرائے ہیں
ھدی شحاتہ عبدالجواد کو اس وقت دنیا بھر میں سب سے لمبے ہاتھ والی خاتون تسلیم کیا گیا ہے۔ بایاں ہاتھ 24.3 سینٹی میٹر لمبا ہے۔ دنیا کی سب سے بڑے پیر والی خاتون بھی ہیں۔ دایاں پیر33.1 سینٹی میٹر طویل ہے جبکہ دنیا کی سب سے بڑے بازوؤں والی خاتون بھی تسلیم کیا گیا ہے۔ ان کے بازو 236.3 سینٹی میٹر کے ہیں۔
34 سالہ محمد شحاتہ نے دو ریکارڈ اپنے نام کرالیے۔ دنیا بھر میں سب سے زیادہ بڑے بازوؤں والا مرد تسلیم کرلیا گیا۔ بازو 250.3 سینٹی میٹر طویل ہے۔
علاوہ ازیں دنیا کے سب سے کشادہ ہاتھ رکھنے والا شخص بھی محمد شحاتہ کو تسلیم کرلیا گیا ہے۔ بایاں ہاتھ 31.3 سینٹی میٹر چوڑا ہے۔
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی نمائندہ کینزی ڈیفراوی نے ھدی اور محمد کا ریکارڈ مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے دورے کے موقع پر تیار کیا۔
تقریب میں ان کے اہل خانہ، ہڈیوں کے پروفیسر ڈاکٹر خالد عمارۃ اور ہڈیوں کے آپریشن کے ماہرین ڈاکٹر محمد شوبکی اور ڈاکٹر نور بھی موجود تھے۔
ھدی کا سال پیدائش 1991 ہے۔ 18 برس تک معمول کی زندگی گزاری۔ اس کے بعد اچانک اس کا قد دراز ہونا شروع ہوا۔ لمبے قد کی وجہ سے کلاس کی آخری صف میں بٹھایا جاتا تھا۔
ھدی شحاتہ عبدالجواد تعلیم مکمل نہیں کرسکیں تاہم اب اسے فخر ہے کہ نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کا حصہ بن گیا ہے۔
جہاں تک محمد کا تعلق ہے تو اس کا سال پیدائش 1986 ہے۔ محمد شحاتہ نے الازہر کے ہائی سکول سے فن قرات کی ڈگری لی ہوئی ہے تاہم وہ ملازمت سے اب تک محروم ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ محسوس کرتا ہوں کہ میرا جسم اب بھی پھیل رہا ہے۔
محمد اور ھدی عام دروازوں سے داخل نہیں ہوسکتے۔ عام گاڑیوں پر سوار نہیں ہوسکتے- انہیں گھر سے باہر نکلنا بڑا مہنگا پڑتا ہے۔ راہگیر دور سے انہیں دیکھ کر تصاویر بنانے لگتے ہیں۔ کئی کو یقین نہیں آتا کہ یہ بھی ہم جیسے انسان ہیں۔
محمد کا کہنا ہے کہ کمرے کی چھت میں لگے پنکھے سے بڑے مسائل ہیں۔ کبھی نیند سے بیدار ہونے اٹھتا ہوں تو پنکھے سے ٹکرا جاتا ہوں۔
یاد رہے کہ دنیا کے سب سے زیادہ طویل قامت سلطان کوسن ہیں ان کا قد 251 سینٹی میٹر ہے۔