دبئی کا ایک اور گنیز ورلڈ ریکارڈ، اس بار توانائی کے شعبے میں
دبئی کا ایک اور گنیز ورلڈ ریکارڈ، اس بار توانائی کے شعبے میں
منگل 2 مارچ 2021 12:50
دبئی الیکٹرک 10 لاکھ سے زائد صارفین کو بجلی کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
دبئی میں گیس کی پیداوار کی ایک ایسی سہولت موجود ہے جس نے اس کا نام ایک بار پھر گنیز ورلڈ ریکارڈر میں شامل کر دیا ہے۔
عرب نیوز نے ایمریٹس نیوز ایجنسی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ دبئی الیکٹرک اینڈ واٹر اتھارٹی کے جبل علی کمپلکس کو دنیا میں سب سے بڑے واحد قدرتی گیس سے توانائی پیدا کرنے کی جگہ قرار دیا گیا ہے۔
اس کمپلکس میں9547 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہے۔ امارات کا نام اکثر گنیز بک آف ریکارڈز میں آتا رہتا ہے اور پہلی بار ایسا 1955 میں ہوا تھا۔
سال 1955 سے اب تک گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کی 143 ملین کاپیاں فروخت ہوئی ہیں۔
دبئی الیکٹرک اینڈ واٹر اتھارٹی کے چیف ایکزیکٹیو سعید محمد کا کہنا ہے کہ ان کے ادارے نے بجلی کے باقائدہ نظام کے منصوبے تیار کیے ہیں جو 2030 تک اس کے طلب کو مدِ نظر رکھ کر بنایا گیا ہے۔
یہ ادارہ 10 لاکھ سے زائد صارفین کو بجلی کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
دبئی کی جنوب میں واقع اس پلانٹ میں 2019 میں توسیع کی گئی تھی اور اب یہ دو ہزار 885 میگاواٹ بجلی فراہم کر سکتا ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ میں دبئی کا نام ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب دبئی الیکٹرک اتھارٹی اپنے آپریشنز میں بہتری لارہی ہے۔ اس میں ٹیکنالوجی کی شمولیت جیساکہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس وغیرہ شامل ہے۔
سعید محمد نے بتایا کہ اس سے اتھارٹی کی پیداواری صلاحیت میں 33.41 فیصد بہتری آئی ہے جس سے مالی بچت میں بھی بہت مدد ملی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس بہتری سے 6.4 کروڑ ٹن کاربن کا اخراج کم ہوا ہے جو کہ 32 کروڑ سے زائد درخت لگانے کے برابر ہے۔
اس سے نائٹروجن آکسائیڈ گیسز میں 46 ہزار ٹن اور سلفر ڈائی آکسائیڈ میں تین ہزار ٹن کی کمی آئی ہے۔ ان دونوں سے سانس لینے کا نظام کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔