Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد میں پارلیمنٹ لاجز کے کمرے سے پھندا لگی لاش برآمد  

پولیس کے مطابق مبینہ خودکشی کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
اسلام آباد پولیس کے مطابق پارلیمنٹ لاجز کے ایک کمرے سے پنکھے سے پھندے کے ذریعے لٹکی ایک لاش ملی ہے۔
تھانہ سیکرٹریٹ کے ایک اہلکار نے اردو نیوز کو تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ’سنیچر کو دن 12 بجے کے قریب اطلاع موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ پارلیمنٹ لاجز کے ایک کمرے سے پھندے سے لٹکتی ہوئی لاش برآمد ہوئی ہے۔‘  
ترجمان اسلام آباد پولیس ضیا باجوا نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’پارلیمنٹ لاجز میں رکن قومی اسمبلی لال چند کے کمرے سے ان کے ملازم کی پنکھے سے لٹکتی ہوئی لاش ملی ہے جس کے حوالے سے ابتدائی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔‘  
ترجمان کے مطابق ’رکن اسمبلی کے لاجز میں ملازم کے علاوہ کوئی موجود نہیں تھا جبکہ رکن قومی اسمبلی بھی اسلام آباد میں نہیں ہیں۔‘  
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق پارلیمنٹ لاجز کے سرونٹ کوارٹرز سے سنتوش نامی شخص کی لاش ملی ہے اور ابتدائی طور پر خودکشی کا معاملہ لگ رہا ہے تاہم تحقیقات جاری ہیں۔
خیال رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ملک بھر سے منتخب ہونے والے ارکان اسمبلی کو پارلیمنٹ لاجز میں رہائشی فلیٹس الاٹ کیے جاتے ہیں۔
اسلام آباد کے ریڈ زون میں پارلیمنٹ ہاوس کے عین سامنے یہ رہائشی فلیٹس واقع ہیں جنہیں پارلیمنٹ لاجز کہا جاتا ہے۔

شیئر: