’ارطغرل غازی‘ کے ساتھ فراڈ کرنے والا ٹک ٹاکر گرفتار
پولیس کے مطابق ’کاشف ضمیر کے خلاف پہلے بھی فراڈ کے کئی مقدمات درج ہیں‘ (فوٹو: سوشل میڈیا)
لاہور میں پولیس نے ترک ڈرامہ ارطغرل کے ہیرو انگین التان کے ساتھ دھوکہ دہی کے الزام میں ٹک ٹاکر کو گرفتار کرلیا ہے۔
کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (سی آئی اے) کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) میاں شفقت نے جمعے کو ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ ’اس شخص کا نام کاشف ضمیر ہے اور یہ ایک فراڈیا ہے اور اس پر پہلے بھی فراڈ کے کئی مقدمات درج ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ لوگوں کو جعلی چیکس دیتا ہے۔ اپنے گلے میں سونے کے جعلی زیورات پہن کر گھومتا ہے اور ٹک ٹاک بناتا ہے۔ جو لوگ متاثر ہو کر رابطہ کرتے ہیں یہ ان کے ساتھ فراڈ کرتا ہے۔‘
ڈی ایس پی کے مطابق ’اس نے حال ہی میں پاکستان کے امیج کو خراب کیا ہے۔ دوست ملک ترکی سے ان کے قومی ہیرو کو بلا کر پیسے نہیں دیے۔ یہ ان سے شوبز کا کوئی کام کروانا چاہتا تھا لیکن وہ واپس چلے گئے۔‘
میاں شفقت نے کہا کہ ’آئی جی پنجاب کو اس حوالے سے شکایت موصول ہوئی جس کے بعد انہوں مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’آج ایف آئی آر درج کرنے کے بعد میں اس کے گھر گیا تو وہاں نیا انکشاف ہوا کہ اس سے ایک ہنڈا گاڑی پکڑی گئی ہے جس پر نیلے رنگ کی لائٹ اور سبز نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی۔ وہ کوئی موزوں جواب نہیں دے سکا اور اس کے خلاف اس بارے میں بھی کارروائی ہوگی۔‘
ڈی ایس پی کا کہنا تھا کہ ’میری سب سے گزارش ہے کہ اس سے بچیں اور اپنے مال کو محفوظ رکھیں۔ ہم اسے عدالت لے کر جائیں گے جو اس کیس کا فیصلہ کرے گی۔‘