Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مستونگ: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے چار خواتین اساتذہ زخمی

اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق تین ٹیچرز کو گولیاں لگی ہیں جبکہ ایک کو معمولی خراشیں آئی ہیں (فوٹو کمشنر آفس)
کوئٹہ سے متصل بلوچستان کے ضلع مستونگ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سرکاری سکول کی چار خواتین اساتذہ زخمی ہوگئیں۔
اسسٹنٹ کمشنر مستونگ عطاء المنعم نے اردو نیوز کو بتایا کہ مستونگ کے سرکاری سکول میں پڑھانے والی ٹیچرز چھٹی کرنے کے بعد وین میں گھروں کی طرف جارہی تھیں۔ مستونگ کے علاقے پڑنگ آباد میں شیرگڑھ کے مقام پر دو نامعلوم موٹر سائیکل سوار افراد نے ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔
اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق واقعہ میں چار ٹیچرز زخمی ہوئیں جن میں سے تین کو گولیاں لگی ہیں جبکہ ایک کو معمولی خراشیں آئی ہیں۔
زخمیوں کو مستونگ کے شہید نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ہسپتال کے ترجمان ارباب اویس کاسی نے بتایا کہ تینوں خواتین کو پاؤں میں گولیاں لگی ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ زخمی ہونے والی چاروں خواتین اساتذہ کا تعلق کوئٹہ سے بتایا جارہا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر مستونگ کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعہ کی وجہ اب تک معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ لیویز نے مفرور ملزمان کی تلاش اور واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

شیئر: