کرغیزستان میں سعودی سیاح شہد اور دنبے کیوں خرید رہے ہیں؟
اصلی شہد کے ڈبے کی نو ریال میں خریداری کی( فوٹو المرصد)
ان دنوں کرغیزستان کی ایک منی مارکیٹ میں موجود سعودی نوجوانوں کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔ صارفین نے وڈیو کو دیکھ کر جہاں حیرانی کا اظہار کیا ہے وہیں دلچسپ تبصرے بھی کیے ہیں۔
المرصد ویب سائٹ کے مطابق وائرل ہونے والے وڈیو کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سعودی نوجوان کرغیزستان کی ایک منی مارکیٹ میں یہ دیکھ کر حیرت زدہ رہ گئے کہ اصلی شہد کا ڈبہ 9 ریال میں فروخت ہورہا ہے اور انہوں نے شہد خریدنا شروع کردیا۔
ایک نوجوان وڈیو میں کہہ رہا ہے کہ اس نے کرغیزستان کی منی مارکیٹ سے 29 کلو شہد 326 ریال میں خریدا ہے۔
یاد رہے کہ وڈیو کلپ میں نظر آنے والے یہ نوجوان چند روز قبل ایک اور وڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرچکے ہیں جس میں وہ کرغیزستان کے زرعی فارم سے سستے دنبے خرید رہے ہیں۔
وڈیو میں نوجوان دنبوں کے ریوڑ کے درمیان کھڑے نظر آرہے ہیں اور ان میں سے ہر ایک اپنے کندھے پر دنبہ لادے ہوئے ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک دنبہ سو ریال میں خریدا ہے۔ سستے دنبے ملنے پر دونوں بے حد خوش ہیں۔