Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میٹرک کے طلبہ و طالبات کے امتحانات کی تیاری کے لیے مفت آن لائن پلیٹ فارم

’جو طلبہ نویں اور دسویں کے امتحانات کا داخلہ بھیج رہے ہیں، وہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے تیاری کر سکتے ہیں‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے صوبہ پنجاب اور وفاقی تعلیمی بورڈ کے نویں اور دسویں کے طلبہ و طالبات کے لیے آن لائن ’امتحان تیاری ماسٹر‘ متعارف کرایا گیا ہے جس کے ذریعے طلبہ جولائی 2021 کے میٹرک کے امتحانات کی آن لائن تیاری کر سکتے ہیں۔
تعلیم کے شعبہ میں خدمات فراہم کرنے والے ادارے نالج پلیٹ فارم پاکستان نے میٹرک کے امتحانات کی آن لائن تیاری کے لیے ویب اور ایپ پر مبنی پلیٹ فارم متعارف کرا یا ہے جو کورونا لاک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے طلبہ و طالبات کے لیے بالکل مفت پلیٹ فارم ہے تاکہ وہ اپنے تعلیمی نقصان کا ازالہ کر سکیں۔
اس حوالے چیف ایگزیکٹیو آفیسر نالج پلیٹ فارم طلحہ منیر خان نے اردو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ ’جو طلبہ رواں سال نویں اور دسویں کے امتحانات کا داخلہ بھیج رہے ہیں، وہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے بھرپور تیاری کر سکتے ہیں۔‘

 

’نالج پلیٹ فارم جدید آن لائن تعلیم سیکھنے کا پلیٹ فارم ہے جو پاکستان میں طلبہ کو سیکھنے کے جدید مواقع فراہم کرتا ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ ’سب سے پہلے طلبہ پلیٹ فارم پر خود کو رجسٹر کرائیں اور اپنے امتحانی بورڈ اور کلاس کا انتخاب کریں‘
’اس پلیٹ فارم کے ذریعے طلبہ کو ویڈیو اسباق، امتحان کے لیے ہدایات، چیٹ شیٹس، پرانے پیپرز اور ان کے ساتھ ساتھ تیاری کے لیے پیپرز بھی دستیاب ہوں گے تاکہ وہ کم سے کم وقت میں بہترین تیاری کر سکیں۔‘
طلحہ منیر خان کے مطابق ’طلبہ اس پلیٹ فارم پر فزکس، کیمسٹری، ریاض اور بیالوجی کے مضامین کی تیاری کر سکتے ہیں۔ وہ اپنی تیاری کا جائزہ بھی لے سکتے ہیں جس کے لیے ہر مضمون کے 20 سوالات دیے گئے ہیں۔‘
انھوں نے بتایا کہ ’کورونا کی وجہ سے طلبہ کے میٹرک کے امتحانات کی تیاری متاثر ہوئی ہے اور اس کے انداز میں تبدیلی بھی آئی ہے۔‘
’بہت کم اور کلاسز کے نہ ہونے کی وجہ سے طلبہ کے پاس امتحانات کی تیاری کے لیے بہت کم وقت اور وسائل دستیاب ہیں۔‘
طلحہ منیر خان کا کہنا ہے کہ ’اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے، نالج پلیٹ فارم نے طلبہ اور اساتذہ کے لیے ایک موزوں حل متعارف کیا ہے تاکہ طلبہ مختصر وقت میں میٹرک کے امتحان کی تیاری کر سکیں۔‘

’طلبہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے اپنا ٹیسٹ خود بھی لے سکتے ہیں کہ امتحان کے لیے ان کی کس حد تک تیاری ہو چکی ہے‘ (فوٹو: روئٹرز)

’ہم طلبہ اور اساتذہ کو اس مشکل وقت میں سہولت فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں اور ہم اس طرح کی مزید سہولیات کو متعارف کریں گے تاکہ اساتذہ اور طلبہ جدید طریقوں کے ذریعے تعلیم حاصل کر سکیں۔‘
انھوں نے بتایا کہ ’طلبہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے اپنا ٹیسٹ خود بھی لے سکتے ہیں اور جان سکتے ہیں کہ امتحان کے لیے ان کی کس حد تک تیاری ہو چکی ہے۔‘
طلحہ منیر خان نے بتایا کہ ’طلبہ کی امتحان میں تیاری کے لیے ہر مضمون کے فرضی ٹیسٹ دیے گئے ہیں۔ہر ہفتے اضافی ٹیسٹ  بھی شامل کیے جائیں گے جن کی رپورٹ بھی فوری حاصل ہوگی جس سے طلبہ کو اپنی مضبوط اور کمزور مہارت کے بارے میں اندازہ ہوجائے گا۔‘
طلبہ اپنی سہولت کے تحت اس پلیٹ فارم کو موبائل، لیپ ٹاپ، ٹیبلٹ کے ذریعے اپنے گھر میں استعمال کر سکتے ہیں۔طلباء خود کو اس آن لائن پلیٹ فارم ’لرن سمارٹ پاکستان‘ پر رجسٹر کر کے امتحان کی تیاری کر سکتے ہیں۔
 خیال رہے کہ ایک اندازے کے مطابق پنجاب کے آٹھ اور وفاقی تعلیمی بورڈز کے نویں اور دسویں کے الگ الگ امتحانات میں ہر سال کم و بیش سات، سات لاکھ طلبہ و طالبات امتحان دیتے ہیں جن میں لاہور بورڈ میں سب سے زیادہ دو لاکھ سے طلبہ و طالبات شریک ہوتے ہیں۔

شیئر: