Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ نے غلط معلومات پھیلانے والی ایرانی ویب سائٹس بند کر دیں

امریکہ کی طرف سے سرکاری طور پر سائٹس کی بندش کا اعلان جلد ہی متوقع ہے۔ (فوٹو: سکرین گریب)
امریکی حکومت کے ذرائع کے مطابق محکمہ انصاف نے 36 ایسی ویب سائٹس بند کر دی ہیں جن میں بہت سی ایران کی جانب سے غلط معلومات پھیلانے والی سرگرمیوں کے ساتھ منسلک تھیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق منگل کو حکومتی ذرائع کا کہنا تھا کہ اس بات کا سرکاری سطح پر بھی اعلان متوقع ہے۔
واشنگٹن میں موجود ذرائع نے یہ بات منگل کو ان ویب سائٹس پر ظاہر ہونے والے نوٹس کے بعد کہی جس پر لکھا نظر آرہا تھا کہ امریکی حکومت نے انہیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی کے بعد بند کیا۔ 
اس حوالے سے ایرانی نیوز ایجنسیز نے کہا کہ امریکی حکومت نے متعدد ایرانی میڈیا کی ویب سائٹس بند کر دی ہیں جو حوثی باغیوں جیسے گروہوں کے ساتھ منسلک تھیں۔ ان میں بعض ویب سائٹس نے بعد ازاں معمول کے مطابق کام کرنا شروع کر دیا۔
حوثیوں کے ٹی وی چینل المسیرہ کی ویب سائٹ پر لکھا تھا کہ ’ڈومین المسیرہ ڈاٹ نیٹ کو امریکی حکومت نے  امریکی وزارت تجارت اور ایف بی آئی کے فیصلے پر بند کیا ہے۔‘
اس ویب سائٹ نے جلد ہی ایک نئے ڈومین ’المسیرہ ڈاٹ کام کے نام سے کام شروع کر دیا۔
ایران کے عربی چینل العالم نے اپنے ٹیلی گرام چینل پر کہا کہ ’امریکی حکام نے العالم ٹی وی کی ویب سائٹ بند کر دی ہے۔‘
امریکی محکمہ انٖصاف کے ترجمان نے اس حوالے سے فوری طور پر کوئی موقف نہیں دیا۔ امریکی حکومت کے دو ذرائع نے روئٹرز کو بتایا کہ محکمہ انصاف اس حوالے سے اعلان کی تیاری کر رہا ہے۔
یہ کارروائی مغرب مخلاف ایران کے نئے صدر ابراہیم رئیسی کے منتخب ہونے کے بعد کی گئی۔ اس سے قبل ایران اور امریکہ کے درمیان 2015 میں ہونے والے نیوکلیئر معاہدے کی بحالی پر بات چیت کرنے والی چھ عالمی طاقتوں کے نمائندوں نے مذاکرات مشورہ کرنے کے لیے ملتوی کر دیے تھے۔

ایرانی نیوز ایجنسی ’وائے جے سی‘ نے منگل کو کہا کہ ’امریکہ کی کارروائی ظاہر کرتی ہے کہ اظہار کی آزادی کی باتیں جھوٹ ہیں۔‘ (فوٹو اے ایف پی)

یہ نوٹسز ایران کے انگریزی چینل پریس ٹی وی اور برطانیہ سے نشر ہونے والے بحرینی عربی چینل لولوا ٹی وی پر بھی نمودار ہوئے۔
پریس ٹی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’معلوم ہوتا ہے کہ یہ منظم کارروائی تھی۔ ایرانی اور علاقائی چینلز کی ویب سائٹس پر ایک جیسا پیغام ظاہر ہوا جس میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ ان ویب سائٹس کی ڈومینز امریکی حکومت نے بند کیں۔‘
گذشتہ برس اکتوبر میں امریکہ نے ویب سائٹس کا ایک نیٹ ورک یہ کہہ کر بند کر دیا کہ انہیں ایرانی پاسدران انقلاب کی دنیا بھر میں غلط سیاسی معلومات پھیلانے کی مہم میں استعمال ہوئیں۔
اس وقت امریکی محکمہ انصاف نے کہا تھا کہ اس نے ایرانی پاسدران انقلاب کے زیر استعمال 92 ویب سائٹس بند کی ہیں جن کا ہدف امریکہ، یورپ، مشرق وسطیٰ اور جنوب مشرقی میں بسنے والے لوگ تھے۔
نیم سرکاری ایرانی نیوز ایجنسی ’وائے جے سی‘ نے منگل کو کہا کہ ’امریکہ کی کارروائی ظاہر کرتی ہے کہ اظہار کی آزادی کی باتیں جھوٹ ہیں۔‘

شیئر: