مکہ اور مدینہ میں مطلع غبار آلود، عسیر اور باحہ میں بارش
’سب سے زیادہ درجہ حرارت 46 سینٹی گریڈ مکہ مکرمہ میں رہے گا‘ ( فوٹو : ٹوئٹر)
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج بدھ کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ریجن میں مطلع غبار آلود رہے گا جبکہ عسیر سمیت باحہ اور جازان میں بارش ہوگی۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق محکمہ نے کہا ہے کہ ’بدر اور ینبع کمشنریوں میں شام 6 بجے تک گرد و غبار ہوگا جس کے باعث حد نگاہ متاثر رہے گی‘۔
’اسی طرح عسیر ریجن میں احد رفیدہ، خمیس مشیط اور رجال المع میں شام 7 بجے تک گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی‘۔
دوسری طرف سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے بدھ 23 جون کو موسمی توقعات سے متعلق پیشگوئی جاری کی ہے۔
بدھ کو الشرقیہ، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ریجنوں کے متعدد مقامات پر شدید گرمی پڑے گی۔ منگل کی طرح بدھ کا موسم بھی سخت رہے گا۔
اخبار 24 کے مطابق قومی مرکز کا کہنا ہے کہ بدھ کو ریاض اور الشرقیہ ریجنوں میں تیز گرد آلود ہوائیں پھر شروع ہوجائیں گی۔ ان کا سلسلہ نجران اور جنوب مغرب کے پہاڑوں کے مشرقی مقامات تک پھیل جائے گا۔
قومی مرکز نے امکان ظاہر کیا ہےکہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے ساحلی مقامات پر تیز ہوائیں چلیں گی۔ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ جازان، عسیر اور باحہ کے پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ مکہ مکرمہ تک اس کا سلسلہ پھیل سکتا ہے۔
قومی مرکز نے بتایا کہ بدھ مملکت میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 46 سینٹی گریڈ مکہ مکرمہ اور سب سے کم درجہ حرارت 15 سینٹی گریڈ السودۃ میں ہوگا۔