Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیس بک: مصنوعی ذہانت نے آن لائن شاپنگ مزید آسان کر دی

مصنوعی ذہانت پر مبنی ویژول سرچ صارف کو ملتی جلتی مصنوعات تک رسائی دے رہی ہے (فائل فوٹو: پکسابے)
سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ فیس بک کا کہنا ہے کہ ’دنیا کا سب سے بڑا شاپ ایبل سوشل نیٹ ورک‘ بنانے کے مشن میں ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے مصنوعی ذہانت کی مدد سے ہر ایک کے لیے خریداری کو مزید آسان بنایا گیا ہے۔
فیس بک آرٹیفشل انٹیلی جنس دنیا میں آن لائن خریداری کا سب سے بڑا سوشل نیٹ ورک بنانے کے مشن پر ہے جہاں اربوں پراڈکٹس خریدی یا بیچی جا سکیں گی۔
فیس بک کی جانب سے شائع کردہ آفیشل بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ پیشرفت کے تحت ’مختلف مصنوعات کی شناخت‘ کا عمل مزید بہتر کیا گیا ہے۔
مصنوعی ذہانت کی مدد سے اب پراڈکٹس کیٹلاگ میں ایسی مصنوعات بھی خریدار کو دکھائی جائیں گی جو کسی بھی تصویر میں دکھائی دینے والی پراڈکٹ جیسی ہوں گی۔
فیس بک کا کہنا ہے کہ ’ویژول سرچ کو انسٹاگرام پر متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ صارفین کسی بھی پراڈکٹ کی تصویر پر کلک کر کے اس سے ملتی جلتی دیگر مصنوعات دیکھ سکیں۔‘
خریداری سے متعلق مصنوعی ذہانت پر مبنی حالیہ تبدیلیوں کے بعد فیس بک کو توقع ہے کہ یہ ’مستقبل میں خریداری کے عمل میں نئی جدتوں کا باعث ہو گا۔‘
آن لائن خریداری کے عمل میں درست مصنوعات اور اس سے ملتی جلتی مصنوعات کی شناخت کو اس لیے اہم سمجھا جاتا ہے تاکہ خریدار کم وقت میں بہتر پراڈکٹ، اچھی قیمت میں حاصل کر سکیں۔
بلاگ پوسٹ میں فیس بک کا کہنا تھا کہ ’مصنوعی ذہانت کسی تصویر میں موجود پراڈکٹ کو پہچان سکی تو ایک دن یہ بات ممکن ہو سکے گی کہ ہر تصویر اور ویڈیو میں دکھائی دینے والی مصنوعات کو خریدا جا سکے۔‘
’اس پیشرفت کے بعد جہاں خریدار سہولت سے اپنی مطلوبہ چیز کا انتخاب کر سکیں گے وہیں فروخت کرنے والوں کو بھی اپنی پراڈکٹس سہولت سے صارفین تک پہنچانا ممکن ہو سکے گا۔‘
فیس بک کی جانب سے مئی 2020 میں اعلان کیا گیا تھا کہ مصنوعی ذہانت پر مبنی یونیورسل کمپیوٹر ویژن سسٹم بنایا گیا ہے۔ گروک نیٹ کہے جانے والا یہ نظام خریداری کے عمل پر فوکس کر کے بنایا گیا ہے۔
فیس بک کے مطابق یہ نظام پلیٹ فارم پر موجود اربوں تصاویر میں سے کسی بھی مخصوص پراڈکٹ کی نشاندہی کر سکے گا۔
فیس بک کی جانب سے اس نظام کو متعارف کرائے جانے کے بعد آن لائن خریداری کے عمل میں پراڈکٹ سجیشن، ملتی جلتی مصنوعات سمیت متعدد نئے فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں۔
فیس بک کو توقع ہے کہ مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کے تحت متعارف کرایا گیا ’ویژول سرچ‘ کا فیچر صرف ملتی جلتی مصنوعات تک ہی محدود نہیں رہے گا، بلکہ یہ مزید آگے جا کر کسی بھی پراڈکٹ کی باریک ترین تفصیل کو بنیاد بنائے اور صارف کو اس سے آگاہ کرے گا۔
انسٹاگرام پر متعارف کرائی گئی ویژول سرچ کی مدد سے صارفین کسی بھی تصویر میں دکھائی دینے والی پراڈکٹ یا اس سے ملتی جلتی مصنوعات تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔
فیس بک کی جانب سے حال ہی میں یہ اعلان بھی کیا گیا ہے کہ ویب سائٹ ’شاپ‘ کا فیچر اپنی ملکیتی واٹس ایپ اور مارکیٹ پلیس پر بھی متعارف کرا رہی ہے۔ اس سے قبل صارفین کو فیس بک اور انسٹاگرام پر آن لائن شاپنگ کے لیے یہ فیچر میسر تھا۔

فیس بک کے بانی مارک زکر برگ نے اعلان کیا تھا کہ ’واٹس ایپ اور مارکیٹ پلیس پر شاپس، انسٹاگرام پر ویژول سرچ اور شاپس ایڈز کے نئے کامرس فیچرز خریداری کے عمل کو آسان بنائیں گے۔‘
سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم کے مطابق ان کی مارکیٹ پلیس کو ہر ماہ ایک ارب سے زائد افراد استعمال کرتے ہیں۔ فروخت کنندگان کو مارکیٹ پلیس پر شاپ بنانے کی اجازت ملنے کے بعد یہ عمل آن لائن خریداری کو مزید آسان بنائے گا۔
فیس بک کی مارکیٹ پلیس پر شاپس کا فیچر فی الوقت پاکستان میں میسر نہیں ہے البتہ فیس بک پیجز اور انسٹاگرام کے لیے شاپس کے فیچرز پاکستانی صارفین کو بھی دستیاب ہیں۔

مارکیٹ پلیس پر شاپس کا فیچر پاکستان میں دستیاب نہیں ہے (فوٹو: فیس بک)

دنیا کے سب سے بڑے سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم کے مالک مارک زکربرگ کا کہنا ہے کہ حالیہ تبدیلیوں کے بعد اب ’شاپس‘ کا فیچر ایک جگہ سیٹ کرنے کے بعد یہ ادارے کے ملکیتی تمام پلیٹ فارمز، انسٹاگرام، واٹس ایپ اور فیس بک پر صارفین کو میسر ہو گا۔

شیئر: