’چھ میں سے پانچ ٹیمیں پی ایس ایل چیمپیئن اور لاہور لاہور ہے‘
علی خان ترین نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’ٹرافی سے زیادہ مجھے خوشی ہے کہ ہمیں دھانی مل گیا۔‘ (فوٹو: ٹوئٹر علی ترین)
پاکستان سپر لیگ 6 (پی ایس ایل) کے فائنل میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 47 رنز سے شکست دے کر پہلی مرتبہ لیگ چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
ملتان سلطانز چیمپئین بنی تو اس کے مداحوں نے بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر خوب جشن منایا۔ ملک کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان سمیت تمام کھلاڑیوں کی عمدہ پرفارمنس کو سراہتے ہوئے مبارک باد پیش کی۔
فائنل سے قبل ہی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے مداحوں کی بحث شروع ہوگئی جو پی ایس ایل کے اختتام کے بعد بھی جاری ہے۔
جہاں سوشل میڈیا صارفین ملتان سلطانز کو چیمپئن بننے پر مبارک باد دے رہے ہیں، وہیں پشاور زلمی کے سپورٹرز اگلے سیزن میں ٹیم کی جانب سے اچھی پرفارمنس کے لیے پرامید ہیں۔
ملتان سلطانز کی جیت کے بعد ٹیم کے مالک علی خان ترین نے ٹوئٹر پراپنے آفیشل اکاؤنٹ سے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں ٹرافیز جیتنے کا فین نہیں ہوں، ٹرافی سے زیادہ مجھے خوشی ہے کہ ہمیں دھانی مل گیا۔‘
ٹوئٹر ہینڈل نامعلوم افراد نے لکھا کہ ’چھ میں سے پانچ ٹیمیں پی ایس ایل چیمپیئن اور لاہور لاہور ہے۔‘
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے بیٹسمین بابر اعظم نے مبارک باد دیتے ہوئے لکھا کہ ’مبارک ملتان سلطانز، ایک بہت اچھی فتح۔‘
ٹوئٹر صارفین جہاں ملتان سلطانز کی پوری ٹیم کو سراہتے نظر آئے وہیں ٹورنامنٹ کے بہترین بولر کا ایوارڈ جیتنے والے شاہنواز دھانی کو بھی خوب سراہتے رہے، ٹوئٹر ہینڈل باسط بلوچ شاہنواز دھانی کے حوالے سے لکھتے ہیں کہ ’لاڑکانہ ایکسپریس جو آپ کو ہمیشہ ہنستے ہوئے نظر آئیں گے۔‘
ملتان سلطانز کی جیت کے جشن کے ساتھ ہی کچھ سوشل میڈیا صارفین کو پی ایس ایل کے اختتام کا بھی دکھ ہے، ٹوئٹر صارف میاں عمر نے پی ایس ایل میں ہونے والے میچز کی کچھ یادگار تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’اچھے دن اختتام کو پہنچے، ہم یقینا پی ایس ایل کو یاد کریں گے۔‘
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ 6 (پی ایس ایل) کے فائنل میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو شکست دے کر پہلی بار پی ایس ایل کی ٹرافی اپنے نام کی ہے۔