Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پشاور زلمی کو ہرا کر ملتان سلطانز پاکستان سپر لیگ سکس کی چیمپئن

پشاور زلمی کے عمید آصف اور حیدر علی بائیو سکیور ببل کے پروٹوکولز کی خلاف ورزی پر معطل ہوگئے ہیں (فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 47 رنز سے شکست دے کر پہلی مرتبہ لیگ کی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
ابوظبی میں کھیلے گئے میچ میں 207 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنا سکی۔ 
زلمی کی جانب سے شعیب ملک 48 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے جب کہ کامران اکمل نے 36 رنز بنائے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے عمران طاہر نے تین، عمران خان اور بلیسنگ مزاربانی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
پشاور زلمی کی جانب سے اننگز کا آغاز کامران اکمل اور حضرت االلہ زازئی نے کیا۔
زازئی چھ رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔  وہ بلیسنگ مزاربانی کی گیند پر صہیب مقصود کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
کامران اکمل 36 رنز بنا کر عمران خان کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ جوناتھن ویلز چھ رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔
راؤمیں پاول 23 رنز بنا کر بلیسنگ مزاربانی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
شعیب ملک 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ وہ سہیل تنویر کی گیند پر عمران طاہر کو کیچ دے بیٹھے۔  شرفین ردرفورڈ 18 رنز بنا کر عمران طاہر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
وہاب ریاض کو عمران طاہر نے بولڈ کیا۔ محمد عمران کو بھی عمران طاہر نے ہی بولڈ کیا۔ وہ کوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہوئے۔
قبل ازیں  پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ سلطانز نے چار وکٹوں کے نقصان ہر مقررہ 20 اوورز میں 206  رنز بنائے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے صہیب مقصود نے 65 رنز کی اننگز کھیلی اور ناقابل شکست رہے، جب کہ خوشدل شاہ نے 15 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

کامران اکمل 36 رنز بناکر بولڈ ہوئے (فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر)

ملتان سلطانز کی پہلی وکٹ 68 رنز پر گری جب شان مسعود 38 رنز کر آؤٹ ہوئے، ان کی وکٹ محمد عمران کے حصے میں آئی۔ اس سے قبل ملتان سلطانز کی اننگز کی نصف سنچری ساتویں اوور کی تیسری گیند پر مکمل ہوئی تھی۔
ملتان سلطانز کی دوسری وکٹ اس وقت گری جب کپتان محمد رضوان، زلمی کے نوجوان کھلاڑی محمد عمران کی گیند پر وکٹ کیپر کامران اکمل کو کیچ تھما بیٹھے۔

ملتان سلطانز کے صہیب مقصود اور ریلے روسو نے نصف سنچریاں بنائیں (فوٹو: پی ایس ایل)

پشاور زلمی کی جانب سے پہلا اوور ثمین گل نے کرایا، ان کا سامنا شان مسعود نے کیا تاہم وہ پورے اوور میں کوئی سکور نہ کر سکے۔ فائنل مقابلے کی پہلی باؤنڈری دوسرے اوور میں لگی جب محمد رضوان نے محمد عرفان کی گیند پر چوکا مارا۔
اننگز کے چوتھے اور محمد عرفان کے دوسرے اوور میں فائنل کے پہلے چھکے کا اعزاز بھی ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کے حصے میں آیا۔
ابتدائی چار اوورز میں محتاط بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے والے ملتان سلطانز کے اوپنر شان مسعود نے اننگز کے پانچویں اوور میں ثمین گل کی ابتدائی دونوں اور پھر پانچویں گیند پر چوکے لگا کر جارحانہ انداز اپنایا۔
ریلے روسو نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد آؤٹ ہوئے تو اس مرتبہ بھی وکٹ ثمین گل کے نام ٹھہری۔ اگلی ہی گیند پر انہوں نے نئے آنے والے بیٹسمین چارلس کو بھی پویلین لوٹا دیا۔
 محمد رضوان کی قیادت میں ملتان سلطانز نے پہلی مرتبہ فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا جب کہ پشاور زلمی نے چوتھی مرتبہ ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔
ایونٹ کے پلے آف مرحلے میں دونوں ٹیموں نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی۔

ملتان سلطانز کی ابتدائی دونوں وکٹیں زلمی کے نوجوان بولر محمد عمران کے حصے میں آئیں (ویڈیو گریب)

پیر کے روز کھیلے گئے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 31 سے شکست دی تھی جبکہ منگل کو دوسرے ایلیمنیٹر میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف 8 وکٹوں سے فتح سمیٹی تھی۔ 
دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے کیا کہا تھا؟
فائنل سے ایک روز قبل ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا تھا کہ ’وہ آل آؤٹ جائیں گے اور میچ جیتنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔‘

محمد رضوان ایونٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں میں دوسرے نمبر پر ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے کہا تھا ’زلمی نے پورا ٹورنامنٹ ایک فیملی کی طرح کھیلی ہے، ہم ٹیم ورک اور جارحانہ کرکٹ پر یقین رکھتے ہیں اور فائنل بھی ایسے ہی کھیلیں گے۔‘

شیئر: