Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر جولائی میں داخل ہوسکتی ہے: اسد عمر

وفاقی وزیر اسد عمر نے عوام سے ایس او پیز پر عملدرآمد کی اپیل بھی کی ہے۔ (فوٹو: این سی او سی)
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر جولائی میں داخل ہو سکتی ہے۔
جمعے کو ٹوئٹر بیان میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور نیشنل کنٹرول اینڈ کمانڈ سینٹر کے سربراہ نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’براہ مہربانی ایس او پیز کی پیروی کریں اور جلد از جلد ویکسینیشن کروائیں۔‘
این سی او سی کے میٹنگ میں مصنوعی ذہانت پر مبنی بیماری کے ماڈلنگ تجزیے کا بھی جائزہ لیا گیا۔ 
اس وقت پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسیری لہر چل رہی ہے تاہم پاکستان میں کورونا کیسز کی شرح میں کمی رپورٹ ہوئی ہے۔
این سی او سی نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ ملک میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کی شرح تیزی سے گری ہے۔حالیہ دنوں میں پاکستان میں کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کی کمی بھی رپورٹ ہوئی تھی تاہم حکومت نے کہا تھا کہ اس نے چین سے مزید ویکسین منگوالی ہیں۔
گذشتتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں تین لاکھ 37 ہزار 248 افراد کو ویکسین لگائی گئی۔
اب تک ملک بھر میں کورونا سے بچاؤ کی ایک کروڑ 45 لاکھ تین ہزار 136 افراد کی ویکسینیشن ہوئی ہے۔
پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 52 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 44 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مثبت کیسز کی شرح دو اعشاریہ 29 فیصد رہی۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد نو لاکھ 52 ہزار سے زیادہ ہے جبکہ مجموعی اموات کی تعداد 22 ہزار 152 ہے۔

شیئر: