جنوبی سعودی عرب پر حوثیوں کے 10 حملے ناکام، بیلسٹک میزائل اور ڈرونز تباہ
خمیس مشیط کو نشانہ بنانے دو ڈرونز بھیجے گئے تھے ( فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب کے ایئر ڈیفنس نے اتوار کو جنوبی علاقے پر ایران نواز حوثی ملیشیا کے 6 ڈرون اور 4 بیلسٹک میزائل حملے ناکام بنائے ہیں۔
الاخباریہ نے عرب اتحاد کے حوالے سے بتایا کہ خمیش مشیط کو نشانہ بنانے کے لیے بھیجے گئے ڈرونز کو راستے میں روک کر تباہ کردیا گیا۔
اتوار کو رات گئے حوثیوں نے خمیس مشیط پر بیلسٹک میزائل سے یکے بعد دیگرے دو حملے کیے۔ بیلسٹک میزائل راستے میں تباہ کردیے گئے۔
یاد رہے کہ عرب اتحاد نے سنیچر کی رات اور اتوار کی صبح سعودی عرب پر ایران کے حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے تین ڈرون حملے ناکام بنا ئےتھے۔۔
اتوار کی صبح خمیس مشیط کی طرف بھیجے گئے حوثیوں کے ڈرون کو راستے میں ہی تباہ کردیا گیا۔
عرب اتحاد نے بیان میں کہا کہ ’حوثی ملیشیا دانستہ طور پر شہریوں اور شہری اہداف کو نشانہ بنا رہی ہے‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’عام شہریوں کے تحفظ اور خطرے سے نمٹنے کے لیے تمام عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں‘۔
حوثی ملیشیا کی جانب سے مسلسل سعودی عرب کونشانہ بنایا جارہا ہے تاہم اتحادی فورسز ان حملوں کو بروقت ناکام بنانے میں کامیاب رہی ہے۔