خمیس مشیط اور جنوبی علاقے پر حوثیوں کے حملے ناکام، تین ڈرون تباہ
حوثی ملیشیا کی جانب سے مسلسل سعودی عرب کونشانہ بنایا جارہا ہے(فوٹو سبق)
عرب اتحاد نے سنیچر کی رات اور اتوار کی صبح سعودی عرب پر ایران کے حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے ڈرونن حملے ناکام بنا ئے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق عرب اتحاد کے ترجمان نے بتایا کہ’ سنیچر کی رات جنوبی سعودی عرب بارودی مواد سے لدے دو ڈرون راستے میں روک کر تباہ کردیے گئے‘۔
اتوار کی صبح خمیس مشیط کی طرف بھیجے گئے حوثیوں کے ڈرون کو راستے میں ہی تباہ کردیا گیا۔
عرب اتحاد نے بیان میں کہا کہ ’حوثی ملیشیا دانستہ طور پر شہریوں اور شہری اہداف کو نشانہ بنا رہی ہے‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’عام شہریوں کے تحفظ اور خطرے سے نمٹنے کے لیے تمام عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں‘۔
یاد رہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے جمعے کی صبح بھی دھماکہ خیز ڈرون کے ذریعے سعودی عرب کے شہر خمیس مشیط پرحملہ کی کوشش کی گئی تھی جسے اتحادی فورسز کی ایئرکمان نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے ناکام بنایا تھا۔
حوثی ملیشیا کی جانب سے مسلسل سعودی عرب کونشانہ بنایا جارہا ہے تاہم اتحادی فورسز ان حملوں کو بروقت ناکام بنانے میں کامیاب رہی ہے۔
سعودی فضائیہ نے اس سے قبل ایک دن میں حوثی باغیوں کی طرف سے داغے جانے والے 17 بارودی ڈرون تباہ کیے تھے۔