Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صدیوں سے کھانوں میں الائچی کا استعمال کیوں کیا جاتا ہے؟

الائچی قدیم زمانے سے مشہور ہے۔ اس کی شفا بخش خصوصیات اور بہترین غذائی اجزاء پر گزشتہ برسوں میں کئی تحقیقات کی گئی ہیں۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق الائچی کا استعمال نہ صرف قہوہ کے ذائقہ کے لیے ہوتا ہے، بلکہ ایک اہم مصالحے کے طور پر، جو بہت سے عرب پکوانوں میں شامل ہوتے ہیں، اس سے پکوان کو مخصوص ذائقہ ملتا ہے۔
الائچی میں معدنیات، آئرن اور مینگنیز ہوتے ہیں، جس کی جسم کے اندر بڑی مقدار میں ضرورت ہوتی ہے۔
تحقیق میں الائچی کے استعمال کے چند فوائد  بتائے گئے ہیں۔
کینسر کے خلاف جنگ میں الائچی کے فوائد
سائنسی تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ الائچی میں ایسے مرکبات ہوتے ہیں جو کینسر کی بیماری کی روک تھام میں معاون ہوتے ہیں اور ان کی نشوونما کو روکتے ہیں، خاص طور پر یہ پیٹ اور بڑی آنت کے کینسر سے بچانے میں معاون ہوتی ہے۔
عمل انہضام کو بہتر کرنے میں الائچی کے فوائد
الائچی سانس کی  تکلیف  کو دور کرنے میں مدد دیتی ہے۔ قبض کو روکنے میں اس کی اہمیت واضح ہے۔ الائچی میں غذائی ریشے موجود ہوتے ہیں جو نظام انہضام کے لیے بہت فائدہ مند ہے۔
متلی کی روک تھام میں الائچی کے فوائد
متعدد سائنسی مطالعات میں کہا گیا ہے کہ الائچی متلی اور الٹی کے مسئلے کو دور کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے، خاص طور پر وہ خواتین جو سرجری کے بعد یہ کیفیت محسوس کرتی ہیں۔
منہ کی بو کو بہتر بنانے میں الائچی کے فوائد
کھانے کے بعد الائچی کو چبانے سے جراثیم اور بیکٹیریا  کم کرنے میں مدد ملتی ہے جو منہ کی بدبو کا سبب بنتے ہیں۔ الائچی قدیم زمانے سے ہی سانس کو خوشبو دار بنانے کے لیے استعمال ہوتی رہی ہے۔

الائچی خون میں ہائی کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے میں مثبت کردار ادا کرتی ہے (فوٹو پکسابے)

کولیسٹرول کو کم کرنے میں الائچی کے فوائد
الائچی میں غذائی ریشے کی کافی مقدار ہوتی ہے، جو خون میں ہائی کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے میں مثبت کردار ادا کرتی ہے۔ اس طرح یہ امراض قلب اور خون کے جمنے کی روک تھام میں مدد فراہم کرتی ہے۔
الائچی کے اضافی فوائد
الائچی کے بہت سے دیگر فوائد بھی ہیں، لیکن وہ ابھی تک سائنسی طور پر ثابت نہیں ہوسکے ہیں۔
چڑچڑاپن کا علاج کرنا
بھوک پر قابو پانا ، اور اس طرح  وزن کم کرنا
سانس کی عام بیماریوں کا علاج جیسے کھانسی اور گلے کی سوزش
بے خوابی کا علاج
افسردگی کی روک تھام
خون میں شوگر کی سطح کو کم کرنا
جگر کا تحفظ

شیئر: