Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آج سے پانچ روز تک شدید گرمی، درجہ حرارت 50 ڈگری تک جائے گا

باحہ اور مکہ مکرمہ کے بالائی مقامات کا مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا (فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں آج سے آئندہ پانچ روز تک گرمی کی شدید لہر رہے گی  جس سے مشرقی ریجن سب سے زیادہ متاثر ہوگا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ماہر موسمیات عبد العزیز الحصینی نے کہا ہے کہ ’حالیہ لہر ریکارڈ توڑ ہو گی جس میں درجہ حرارت 50 سینٹی گریڈ تک  پہنچ جائے گا۔‘
’ملک کے بیشتر شہر اس کی لپیٹ میں ہوں گے مگر مشرقی ریجن اور خاص طور پر اس کے مشرقی اور شمالی علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوں گے۔‘
انہوں نے کہا ہے کہ ’آنے والے دنوں میں مدینہ منورہ، ریاض اور قصیم میں درجہ حرارت 45 سے 48 سیٹی گریڈ کے درمیان رہے گا۔‘

’مدینہ منورہ، ریاض اور قصیم میں درجہ حرارت 45 سے 48 سیٹی گریڈ کے درمیان رہے گا‘ ( فوٹو: طقس العرب)

دوسری طرف محکمہ موسمیات نے مدینہ منورہ ریجن کے رہائشیوں کو آگاہ کیا ہے کہ علاقے میں شام سات بجے تک مطلع غبار آلود رہے گا۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’الحناکیہ، العلا، المہد اور خیبر میں غبار آلود موسم کی وجہ سے حد نگاہ متاثر ہو گی۔‘
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے منگل 29 جون کو مملکت بھر میں موسمی تبدیلیوں کے حوالے سے پیشگوئی جاری کی ہے۔ 
اخبار 24 کے  مطابق قومی مرکز کا کہنا ہے کہ ’منگل کو بھی جازان اور عسیر کے پہاڑی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔‘
’باحہ اور مکہ مکرمہ کے بالائی مقامات پر مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔‘
قومی مرکز نے بیان میں کہا ہے کہ ’منگل کو مشرقی ریجن میں شدید گرمی رہے گی جب کہ ریاض اور حدود شمالیہ کے بعض مقامات پر بھی گرمی کی شدید لہر برقرار رہے گی۔‘
موسمیات کے قومی مرکز نے بتایا کہ ’سب سے زیادہ درجہ حرارت 48 سینٹی گریڈ حفر الباطن اور سب سے کم درجہ حرارت 15 سینٹی گریڈ السودۃ میں ہو گا۔‘

شیئر: