فضائی صنعت کی بحالی، یونائیٹڈ ایئرلائنز کا 270 طیارے خریدنے کا منصوبہ
یونائیٹڈ ایئرلائنز کے چیف ایگزیکٹو نے بتایا کہ ’ہم ابھی واپس 100 فیصد پر نہیں آئے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
یونائیٹڈ ایئرلائنز نے اعلان کیا ہے کہ ’وہ طیارہ ساز کمپنیوں بوئنگ اور ایئربس سے بڑی تعداد میں نئے جہاز خریدنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔‘
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق منگل کو امریکی فضائی کمپنی نے کہا کہ ’وہ 270 نئے طیارے خرید رہی ہے جن میں سے 200 بوئنگ کمپنی کے جبکہ 70 جہاز ایئربس کے ہوں گے۔‘
کورونا کے اثرات سے نکلنے والی فضائی سفر کی انڈسٹری میں یونائیٹڈ ایئرلائنز کے اس اعلان کو بہت اہم سمجھا جا رہا ہے۔
ان طیاروں کی مالیت کمپنیوں کی جاری کردہ قیمتوں کی فہرست کے مطابق ’35 ارب 40 کروڑ ڈالر ہے تاہم عمومی طور پر ایئرلائنز طیارہ ساز اداروں کو اس سے کئی گنا کم قیمت ادا کرتے ہیں۔‘
یونائیٹڈ ایئرلائنز کے حکام نے طیاروں کی خریداری کے اس منصوبے کو فضائی سفر کی صنعت کی تاریخ میں ’سب سے بڑا آرڈر‘ قرار دیا ہے۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث گذشتہ ڈیڑھ برس سے بحران کا شکار ایئرلائن انڈسٹری ویکسین آنے کے بعد بحالی کے راستے پر گامزن ہے۔
یونائیٹڈ سمیت کئی بڑی بین الاقوامی ایئرلائنز رواں سال اپریل سے جون کے دورانیے میں بھی خسارے کا شکار رہی ہیں اور اس کی رپورٹ یکم جولائی کو جاری کی جائے گی۔
یونائیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو سکاٹ کربی نے بتایا کہ ’ان کی کمپنی کے ٹریول بزنس کا حکم تاحال 60 فیصد کم ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم ابھی واپس 100 فیصد پر نہیں آئے۔‘
سکاٹ کربی نے بتایا کہ ’گذشتہ برس مارچ اور اپریل میں جس بحران سے گزرے اس میں بہت موقع ملا کہ قلیل مدتی اور طویل مدتی منصوبوں کے لیے فیصلے کر سکیں۔‘