شاہ سلمان مرکز بیرون ملک تعلیم کے لیے یمنی طلبہ کو سکالر شپ دے گا
یمن اور سعودی عرب نے تعلیم برائے ترقی معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب اور یمن نے تعلیم برائے ترقی معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ اس کے تحت سعودی عرب بیرون ملک تعلیم پانے والے یمنی طلبہ کو سکالر شپ فراہم کرے گا۔
اس مد میں چار کروڑ 60 لاکھ ڈالر خرچ کیے جائیں گے۔ سعودی عرب نئے تعلیمی سال میں 796 طلبہ و طالبات کی طرف سے 24 لاکھ 95 ہزار 294 امریکی ڈالر بطور فیس ادا کرے گا۔
یمنی طلبہ اعلی تعلیم حاصل کرکے وطن واپس ہوں گے اور وہ ملک و قوم کی تعمیر و ترقی کے پروگرام چلائیں گے۔
علاوہ ازیں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے سقطری کے ضلع حدیبومیں یتیموں، نادار کنبوں اور نقل مکانی کرنے والے خاندانوں میں کھجوروں کے 300 کارٹن تقسیم کیے جن سے 300 خاندانوں کو فائدہ پہنچا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان مرکز نے مارب میں عسکری تربیت یافتہ مجبور بچوں کی ذہنی تربیت کے پروگرام کا اہتمام کیا۔
شاہ سلمان مرکز نے 19 جون سے لے کر 25 جون تک مارب میں اس طرح کے متعدد پروگرام کیے۔ بچوں کو مارب لینڈ پارک سیر کے لیے لے جایا گیا۔
ذہنی امراض کے ڈاکٹروں نے بچوں کی کونسلنگ کی۔ بچوں کے لیے ثقافتی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔ ان کے ذہنوں میں پائے جانے والے خدشات دور کرنے کے لیے خصوصی کلاسز کا انعقاد کیا گیا۔
یاد رہے کہ حوثی دہشت گرد بچوں کو زبردستی فوجی تربیت دے کر محاذ جنگ کی طرف دھکیل دیتے ہیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق شاہ سلمان مرکز نے حضرموت کے تریم الشحر میں انتہائی ضرورت مند خاندانوں اور نقل مکانی کرنے والوں میں 20 ٹن 437 کلو گرام وزن کے راشن پیکٹ تقسیم کیے ہیں۔
دوسری جانب شاہ سلمان مرکز کی ٹیم نے عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے یمن کے تمام صوبوں میں صحت عملے کو نئے کورونا وائرس کے علاج کی ٹریننگ دی۔ عدن میں ٹریننگ کورس کرایا گیا- پانچ روزہ پروگرام کے دوران 40 افراد نے کورونا کے علاج سے متعلق معلومات حاصل کیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں