سنتروں کے کارٹن میں منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام
سنتروں کے کارٹن میں منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام
بدھ 30 جون 2021 18:17
جدہ اسلامی بندرگاہ پر سنتروں کے کارٹن پہنچے تھے۔( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی محکمہ زکوۃ و ٹیکس و کسٹم نے کہا ہے کہ جدہ اسلامی بندرگاہ کے راستے 4.5 ملین نشہ آور گولیاں سنتروں میں چھپا کر سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنائی گئی ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق مطابق بیان میں کہا گیا کہ جدہ اسلامی بندرگاہ پر سنتروں کے کارٹن پہنچے تھے۔ کسٹم افسران نے جدید آلات سے معمول کی تلاشی لی تو پتہ چلا کہ نشہ آور گولیاں سنتروں کے کارٹنوں کے نیچے والے حصے میں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی ہیں۔
تفتیش مہم کے بعد محکمہ انسداد منشیات کے تعاون سے نشہ آور گولیاں وصول کرنے والوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
محکمہ زکوۃ و ٹیکس و کسٹم کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹس، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں پر کسٹم افسران کو ممنوعہ اشیا دریافت کرنے اور ان کی سمگلنگ ناکام بنانے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی آلات مہیا کردیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ محکمہ زکوۃ و ٹیکس و کسٹم نے جدہ اسلامی بندرگاہ پر اس سے قبل 5.3 ملین نشہ آور گولیوں کی سمگلنگ کی ایک اور بڑی کوشش کو ناکام بنایا تھا۔ سمگلر انار کے کارٹنوں میں نشہ آور گولیاں چھپا کر سمگل کررہے تھے۔