Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دس ہزار افراد عازمین کی خدمت پر مامور، حج آپریشنل پلان جاری

خطبہ حج کا ترجمہ دس زبانوں میں جاری کیا جائے گا۔( فوٹو ایس پی اے) 
مقدس مساجد کی انتظامیہ کے سربراہ اعلی ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے اس سال حج کے لیے  آپریشنل پلان جاری کیا ہے۔
اس موقع پر قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی بھی موجود تھے۔
الاخباریہ کے مطابق عبدالرحمن السدیس نے کہا کہ آپریشنل پلان سال بھر تیار کیا جاتا رہا ہے۔ مسجد الحرام اور مسجد نبوی سے منسلک تمام سرکاری اداروں کے ساتھ رابطے کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ اس سال بھی وقوف عرفہ کے خطبے کا ترجمہ دس زبانوں میں دیا جائے گا۔ 
 سعودی خواتین بھی مہمانان حرم کی خدمت میں پیش پیش ہوں گی۔ اس سال دس ہزار افراد عازمین حج کی خدمت پر مامور ہوں گے۔
انہوںس نے کہا کہ اس سال حج موسم میں مہمانان حرم کی سہولت کی خاطر جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔  مسجد الحرام میں طواف کے لیے 25 ٹریک بنائے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جمعہ کے خطبات اور  یوم عرفہ کے خطبے سے فائدہ اٹھانے والوں کی تعداد سو ملین تک پہنچ چکی ہے۔ 

اس سال بھی حج انتظامات ہنگامی حالات میں ہورہے ہیں۔(فوٹو ایس پی اے)

السدیس نے پریس کانفرنس میں شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اعلی قیادت کی خواہش اور کوشش ہے کہ ضیوف الرحمن کو معیاری خدمات فراہم کی جائیں۔
ایس پی اے کے مطابق قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹرماجد القصبی نےکہا کہ گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی حج انتظامات ہنگامی حالات میں ہورہے ہیں۔ پوری دنیا کورونا وبا کے بحران سے پچھلے سال بھی دوچار تھی اور اب بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سال وائرس نئی نئی شکلوں میں سر ابھار رہا ہے۔ سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں تک حج کو محدود کرنے کا فیصلہ حجاج کی صحت و سلامتی کی خاطر کیا گیا ہے۔  

شیئر: