مسجد نبوی اور مقدس مقامات پر استقبال حج کی تیاریوں کا جائزہ
مسجد نبوی اور مقدس مقامات پر استقبال حج کی تیاریوں کا جائزہ
منگل 29 جون 2021 12:10
عازمین کی مدد کے لئے ہرممکن صحت سہولتوں کو یقینی بنایا جائے۔(فوٹو عرب نیوز)
مدینہ منورہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان نے حج سے متعلق تمام اداروں کو مسجد نبوی اور شہر کی دیگر مساجد کے ساتھ ساتھ تمام مقدس مقامات پر زائرین کے استقبال کے لیے تیاریوں کا جائزہ لینے اور توجہ بڑھانے کا کام سونپ دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق شہزادہ فیصل بن سلمان نے کہا ہے کہ سعودی قیادت کی خصوصی ہدایت ہے کہ عازمین کی مدد کے لئے ہرممکن صحت سہولتوں کو یقینی بنایا جائے اور تمام عازمین کو مطلوبہ خدمات فراہم کی جائیں۔
شہزادہ فیصل بن سلمان حج کی تیاریوں کے سلسلے میں تازہ ترین معلومات فراہم کرنے کے لیے یہاں ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
اس موقع پر انہوں نے مدینہ منورہ ریجن میں صحت سے متعلق کی جانے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔
گورنر مدینہ نے مسجد نبوی کے صحن میں فیلڈ ہسپتال کی تیاریوں اور ضرورت سے متعلق آگاہ کیا۔ یہ فیلڈ ہسپتال مسجد نبوی کے نزدیک نیا السلام ہسپتال مکمل تیار ہونے تک عازمین کو طبی خدمات فراہم کرے گا۔
اس موقع پر شہزادہ فیصل بن سلمان نے بتایا کہ یہ ہسپتال مسجد نبوی کے زائرین اور نمازیوں کو صحت سے متعلق فراہم کی جانے والی خدمات میں اضافہ کرے گا۔
وزارت صحت کی جانب سے گذشتہ سال اکتوبر میں مدینہ منورہ میں ایمرجنسی اور انتہائی نگہداشت یونٹ کے ساتھ 61 بستروں پر مشتمل السلام ہسپتال کی تعمیر کا اعلان کیا گیا تھا۔
شہزادہ فیصل نے کہا ہے کہ کورونا کی عالمی وبا کے بعد دوبارہ سے مدینہ منورہ ریجن میں زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے مطابق علاقے میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور توسیع پر انتظامیہ کی جانب سے خصوصی توجہ دی جائے گی۔
اجلاس کے دوران شہزادہ فیصل بن سلمان کو عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے احتیاطی تدابیر نافذ کرنے کے لئے حکام کی کوششوں کے ساتھ کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر کورونا وائرس سے بچاو کے لیے بنائے گئے ضوابط کی خلاف ورزیوں کے بارے میں تازہ ترین اعداد و شمار بھی بتائے گئے۔
گورنر مدینہ نے وبائی مرض سے نمٹنے اور خطے میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے پرمحکمہ صحت کے کام کی تعریف کی۔
اس موقع پر مدینہ منورہ کے ڈائریکٹر ہیلتھ محمد ال خلاوی نے واضح کیا کہ ریجن میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔
ڈائریکٹر ہیلتھ نے مزید کہا کہ مدینہ منورہ کے جنرل ہسپتال میں انتہائی نگہداشت کے یونٹ نے تکینکی مسائل پر قابو پانے کے بعد دوبارہ سے پوری صلاحیت سے کام شروع کر دیا ہے۔ اس کام کی وجہ سے جنرل ہسپتال میں عارضی طور پر مریضوں کا داخلہ بند تھا۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں